آئی جی پی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا پمزہسپتال کا دورہ،گیس لیکج کے باعث دھماکے سے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے G-7/2 میں گیس لیکج کے باعث دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا دورہ کیا ،حادثہ میں دولہا، دلہن اور خاندان کے 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ اتوار کو پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ دورے کے …

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے G-7/2 میں گیس لیکج کے باعث دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا دورہ کیا ،حادثہ میں دولہا، دلہن اور خاندان کے 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

اتوار کو پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ دورے کے دوران سینئر پولیس افسران آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔ آئی جی پی نے ہسپتال کے حکام کو ہدایت کی کہ تمام زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ریسکیو حکام کے مطابق گیس لیکج کے باعث دو منزلہ مکان کے اندر دھماکا ہوا جہاں شادی کی تیاریاں جاری تھیں۔

دھماکے سے چھت نیچے گرگئی،خاندان کے متعدد افراد اور پڑوسی ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے آپریشن کے دوران 19 سے زائد افراد کو باہر نکالا۔ترجمان نے کہا کہ پولیس، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، سی ڈی اے کی فائر ٹیموں اور مقامی رضاکاروں نے دن بھر مل کر کام کیا۔پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا، ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری تعینات کی گئی اور کے نائن یونٹس کا استعمال اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا کہ کوئی بھی ملبے کے نیچے رہ نہ جائے۔

آئی جی پی نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس متاثرین کی مدد جاری رکھے گی اور واقعے کی اصل وجہ جاننے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے انکوائری جاری ہے۔

مزید خبریں