اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) پاکستان کے چیئرمین فرخ عامل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منگل کے روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے دورہ کے موقع پر چیمبر کی قیادت کے ساتھ ملاقات کی ۔ ملاقات میں حکومت اور نجی شعبے کے درمیان انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس (آئی پی آر) اور ٹریڈ مارک رجسٹریشن کے بارے میں آگاہی کو …
آئی سی سی آئی،آئی پی او ٹریڈ مارک رجسٹریشن آگاہی بارے یکجا،مشترکہ طور انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس سے متعلق آگاہی سیمینار منعقد کریں گے

مزید خبریں
اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) پاکستان کے چیئرمین فرخ عامل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منگل کے روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے دورہ کے موقع پر چیمبر کی قیادت کے ساتھ ملاقات کی ۔ ملاقات میں حکومت اور نجی شعبے کے درمیان انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس (آئی پی آر) اور ٹریڈ مارک رجسٹریشن کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے کے لیے تعاون کی راہیں تلاش کی گئیں۔اس موقع پر کاروباری افراد اور کاروباری اداروں کو عالمی منڈیوں میں موثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے قابل بنانے میں آئی پی آر کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئی سی سی آئی اور آئی پی او پاکستان مشترکہ طور پر آئی پی آر آگاہی بارے ایک سیمینار منعقد کریں گے جس سے وفاقی وزیر تجارت اور آئی پی او کے سینئر حکام خطاب کریں گے۔
سیمینار کا مقصد مقامی اور بین الاقوامی سطح پر دانشورانہ املاک کے تحفظ اور ٹریڈ مارک رجسٹریشن کی سٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کاروباری برادری کے اراکین کی ایک بڑی تعداد کو شامل کرنا ہے۔چیئرمین آئی پی او پاکستان فرخ عامل نے کہا کہ ٹریڈ مارک، کاپی رائٹ اور پیٹنٹ رجسٹریشن، تخلیقی خیالات کی حفاظت قومی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ افراد کی خوشحالی میں مدد کرتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کی عالمگیر معیشت میں، برانڈ کی شناخت اور مصنوعات کی صداقت کاروبار کی توسیع کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر ٹریڈ مارکس کا اندراج کاروبار کو نقل سے محفوظ رکھتا ہے، صارفین کا اعتماد بڑھاتا ہے اور برآمد کے نئے مواقع کھولتا ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کاروباری برادری میں آئی پی او کے مقاصد کو فروغ دینے کے لیے چیمبر کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جدید کاروباری مسابقت کے لیے دانشورانہ املاک کا تحفظ بہت ضروری ہے، لہذا ہم آئی پی آر کے بارے آگاہی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پوری طرح سے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ آئی سی سی آئی ، آئی پی او کے ساتھ مل کر ایک جامع آگاہی مہم شروع کرنے اور چیمبر میں تاجروں اور صنعت کاروں کی رجسٹریشن کے معاملات بشمول ٹریڈ مارکس، پیٹنٹ اور کاپی رائٹس میں مدد کے لیے ایک وقف آئی پی او ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ آئی سی سی آئی کا خیال ہے کہ املاک دانش کا تحفظ نہ صرف آج اہم ہے بلکہ جدید کاروبار کے مستقبل میں بھی ناگزیر ہوگا۔آئی پی او کے ڈائریکٹر جنرل نعمان اسلم نے آئی سی سی آئی کے فعال کردار کو سراہا اور کہا کہ آئی پی او ہر ہفتے آئی پی او کے ایک سینئر عہدیدار کے آئی سی سی آئی کے دورے کا اہتمام کرے گا تاکہ ممبران کو انٹلیکچوئل پراپرٹی قوانین
رجسٹریشن کے عمل اور اس سے منسلک فوائد کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔اپنے خطاب میں آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے یقین دلایا کہ چیمبر آئی پی او کی اپ ڈیٹس اور معلومات اپنے اراکین کو واٹس ایپ اور ای میل کے ذریعے فراہم کرے گا تاکہ ہر سطح پر آگاہی بڑھائی جا سکے۔ انہوں نے مستقل بنیادوں پر ایسی نتیجہ خیز میٹنگز کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری، سابق سینئر نائب صدر فاد وحید، ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی اور ملک عبدالعزیز، ڈائریکٹر آئی پی او محمد اسماعیل، ڈپٹی ڈائریکٹر ام سلمہ ٰرضا اور دیگر سینئر حکام موجود تھے۔








