فیفا ورلڈ کپ سے قبل بوکایو ساکا کی فٹنس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، تھامس ٹوخل

انگلینڈ فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ تھامس ٹوخل کا کہنا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں جانے سے پہلے سٹار ونگر بوکایو ساکا کو مکمل فٹنس کی طرف لانے کے لئے انتہائی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے

لندن۔10جون (اے پی پی):انگلینڈ فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ تھامس ٹوخل کا کہنا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں جانے سے پہلے سٹار ونگر بوکایو ساکا کو مکمل فٹنس کی طرف لانے کے لئے انتہائی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ بی بی سی کے مطابق ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرسنل کے مایہ ناز کھلاڑی بوکایوساکا رواں سال مارچ میں فٹنس مسائل کا شکار ہوئے تھے اور انہوں نے انجری کے باوجود کلب کے لئے بہترین کھیل پیش کیا، تاہم اب بھی ان کی فٹنس کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ انگلینڈ کی ٹیم کوسٹا ریکا کے خلاف اپنا آخری وارم اپ میچ کھیلے گی ۔ ٹوخل نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف 0-1 سے کامیابی کے بعد ٹیم کے تمام کھلاڑی فٹ ہیں اور جان سٹونز سمیت پورا سکواڈ سلیکشن کے لئے دستیاب ہے۔تھامس ٹوخل کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کے لئے فیورٹ نہیں ہے کیونکہ تاریخ ہمارے حق میں نہیں ہے اور 1966 کے بعد سے انگلینڈ نے کوئی ورلڈ کپ نہیں جیتا، لیکن ہم میں جیتنے کا عزم اور خواب موجود ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 17 جون کو کروشیا کے خلاف ہونے والے پہلے میچ سے قبل کھلاڑیوں کو کوسٹا ریکا کے خلاف میچ میں 60 سے 70 منٹ کا وقت دیا جائے گا تاکہ ان کی میچ فٹنس کو بہتر بنایا جا سکے۔ انگلش کوچ نے فٹ بال ایسوسی ایشن کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے انہیں سیاسی مسائل اور ویزا تنازعات سے دور رکھ کر صرف فٹ بال پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کیا۔