نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بدھ کو یہاں ایندھن کے تحفظ اور اضافی کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی و عملدرآمد سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی
نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کفایت شعاری کمیٹی اجلاس، اہم فیصلوں کی منظوری
اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بدھ کو یہاں ایندھن کے تحفظ اور اضافی کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی و عملدرآمد سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ نائب وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے بعض کفایت شعاری اقدامات سے استثنا حاصل کرنے کے لیے پیش کی گئی درخواستوں کا جائزہ لیا گیا اور ان کے بارے میں سفارشات کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عوامی سہولت کے پیشِ نظر وزارتِ خارجہ اور اس کے کوئٹہ، کراچی، پشاور، گجرات اور لاہور میں قائم رابطہ دفاتر میں قونصلر تصدیق کی خدمات جمعہ کے روز بھی جاری رہیں گی۔
کمیٹی نے مزید سفارش کی کہ وہ اضافی کفایت شعاری اقدامات جن کی معیاد 13 جون 2026 کو ختم ہونے والی ہے انہیں 30 جون 2026 تک توسیع دی جائے۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ الگ قائم گروسری اور کریانہ اسٹورز کے کاروباری اوقات میں توسیع کرتے ہوئے انہیں ہفتے کے تمام دنوں بشمول ہفتہ اور اتوار رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے۔اجلاس میں وفاقی وزراء برائے پیٹرولیم، موسمیاتی تبدیلی اور آئی ٹی و ٹیلی کام، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے خزانہ، نائب وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی، سیکریٹریز کابینہ، تجارت، پیٹرولیم اور آئی ٹی و ٹیلی کام سمیت وزارتِ خارجہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں و ڈویژنز کے سینئر حکام نے شرکت کی۔








