آئی سی سی آئی کا اقتصادی بحالی کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان مفاہمت و اتحاد پر زور

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے ایک بار پھر تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اختلافات اور انا کو ایک طرف رکھیں اور ملک کو درپیش سنجیدہ چیلنجز کا عملی حل تلاش کرنے کے لیے اتفاق رائے پیدا کریں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس …

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے ایک بار پھر تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اختلافات اور انا کو ایک طرف رکھیں اور ملک کو درپیش سنجیدہ چیلنجز کا عملی حل تلاش کرنے کے لیے اتفاق رائے پیدا کریں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان کی اپیل پاکستان کو اس کی موجودہ معاشی بدحالی سے نکالنے اور اسے طویل مدتی خوشحالی کی طرف پائیدار راہ پر گامزن کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی طرف سے فراہم کردہ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے صدر ناصر منصور قریشی نے ملک بھر میں اکثر سڑکوں کی بندش اور اس کے شدید اقتصادی اثرات پر روشنی ڈالی جن کے مطابق پاکستان کو یومیہ 190 ارب کا نقصان ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں ٹیکس کی وصولی پر منفی اثر پڑتا ہے اور برآمدی شعبے کو کمزور کرتا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ آئے روز کے شٹ ڈائونز کاروبار کو درپیش مشکلات کو مزید بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ اپنی سوچ کو تبدیل کریں اور طویل مدتی، اچھی طرح سے تیار کی گئی اقتصادی پالیسیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں جو ملک کے نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنا نے کا باعث بنیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ قوم اپنے وطن کے تحفظ کو ہر چیز پر فوقیت دے۔