پاکستان کے صفِ اول کے ٹینس کھلاڑی مزمل مرتضیٰ نے آئی ٹی ایف ایم-15 فیوچر ٹورنامنٹ، کیسری (ترکیہ) میں شاندار آغاز کرتے ہوئے بھارت کے آدتیہ کوتھاری کو یکطرفہ مقابلے میں 6-0، 6-1 سے شکست دے کر مین ڈرا کے پہلے راؤنڈ میں کامیابی حاصل کر لی۔
آئی ٹی ایف ایم-15 فیوچر ٹورنامنٹ، مزمل مرتضیٰ نے بھارتی کھلاڑی آدتیہ کوتھاری کو شکست دے دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):پاکستان کے صفِ اول کے ٹینس کھلاڑی مزمل مرتضیٰ نے آئی ٹی ایف ایم-15 فیوچر ٹورنامنٹ، کیسری (ترکیہ) میں شاندار آغاز کرتے ہوئے بھارت کے آدتیہ کوتھاری کو یکطرفہ مقابلے میں 6-0، 6-1 سے شکست دے کر مین ڈرا کے پہلے راؤنڈ میں کامیابی حاصل کر لی۔ مزمل مرتضیٰ کو پاکستان ٹینس فیڈریشن اور ترکش ٹینس فیڈریشن کے باہمی تعاون سے مین ڈرا میں وائلڈ کارڈ انٹری حاصل ہوئی، جس کے ذریعے انہیں بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملا۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے مزمل مرتضیٰ کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی عمدہ کارکردگی کو سراہا۔اعصام الحق قریشی نے کہا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن ملک کے ٹینس کھلاڑیوں کو اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ترکش ٹینس فیڈریشن کے ساتھ ہمارے باہمی تعاون کے نتیجے میں مزمل مرتضیٰ کے لیے مین ڈرا وائلڈ کارڈ حاصل کیا گیا، جبکہ بارڈ فاؤنڈیشن کے تعاون سے ان کی اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے اسپانسرشپ کا بھی انتظام کیا گیا۔
ایک مضبوط بھارتی حریف کے خلاف اس قدر شاندار فتح ان کے لیے حوصلہ افزا آغاز ہے اور امید ہے کہ وہ آئندہ مراحل میں بھی اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن باصلاحیت پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے اور ان کی عالمی رینکنگ بہتر بنانے اور انہیں پیشہ ورانہ سرکٹ میں قیمتی تجربہ دلانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) ضیاء الدین طفیل اور پی ٹی ایف انتظامیہ نے بھی مزمل مرتضیٰ کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ٹورنامنٹ کے آئندہ مقابلوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ یہ کامیابی پاکستانی ٹینس کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مواقع فراہم کرنے کی کوششیں ثمر آور ثابت ہو رہی ہیں۔








