اقوام متحدہ میں ’فٹ بال فار مینٹل ہیلتھ‘ کی پذیرائی، پاکستان کی سپورٹس ڈپلومیسی کا بڑا سنگ میل

اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کے ”فٹ بال فار مینٹل ہیلتھ پروگرام“ کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کو ملکی سپورٹس ڈپلومیسی کا ایک بڑا سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔ اس کامیابی نے دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی فٹ بال برادری میں ملک کے مقام کو مزید استحکام بخشا ہے۔

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کے ”فٹ بال فار مینٹل ہیلتھ پروگرام“ کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کو ملکی سپورٹس ڈپلومیسی کا ایک بڑا سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔ اس کامیابی نے دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی فٹ بال برادری میں ملک کے مقام کو مزید استحکام بخشا ہے۔اس اقدام سے وابستہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اعتراف صرف ایک کامیاب سماجی پروگرام کی تعریف تک محدود نہیں، بلکہ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کی ترقی، ذہنی صحت اور کمیونٹی کو بااختیار بنانے کے عالمی مباحثوں میں موثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس عالمی پذیرائی نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے اس اعتماد کو بھی مضبوط کیا ہے کہ کھیل جغرافیائی، ثقافتی اور سیاسی حدود سے بالاتر ہو کر دنیا کو انسانی فلاح کے مشترکہ مقاصد کے لیے متحد کرتا ہے۔پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے اس کامیابی کو پاکستان کی اس صلاحیت کا اعتراف قرار دیا جس کے تحت فٹ بال کو سماجی ترقی کے ذریعہ کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی عوام میں سماجی خدمت کا جذبہ موجود ہے جبکہ پی ایف ایف عالمی نظریات کو عملی جامہ پہنانے کی مکمل پیشہ ورانہ صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کی سب سے اہم بات ذہنی صحت پر توجہ مرکوز کرنا ہے جو اس وقت عالمی سپورٹس کا ایک اہم موضوع ہے، فٹ بال کھلاڑیوں، کوچز، رضاکاروں اور ان کے خاندانوں کی نفسیاتی و جذباتی بہتری میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔پی ایف ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد شاہد نیاز کھوکھر نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم نے پاکستان کو عالمی رہنمائوں، سپورٹس ایڈمنسٹریٹرز اور پالیسی سازوں کے ساتھ تبادلہ خیال کا بہترین موقع فراہم کیا۔

اس سے مستقبل میں کھیلوں کے ذریعے عالمی سماجی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کے نئے راستے کھلیں گے۔ وفد کے دیگر ارکان کے مطابق یہ بین الاقوامی اعتراف پاکستان کو عالمی فٹ بال برادری کے ایک ذمہ دار اور مثبت رکن کے طور پر پیش کرتا ہے اور مستقبل میں ایسے مزید اقدامات کے لیے بین الاقوامی تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔

مزید خبریں