وفاقی تحقیقاتی ادارہ)ایف آئی اے (اسلام آباد زون نے ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا ہے
آذربائیجان کے راستے یورپ جانے کی کوشش ناکام، ایف آئی اے نے 2 مسافروں کو حراست میں لے لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارہ)ایف آئی اے (اسلام آباد زون نے ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا ہے۔ آذربائیجان کے وزٹ ویزے پر سفر کرنے والے دو مسافر جب امیگریشن کائونٹر پر پہنچے تو کائونٹر آفیسر نے شک کی بنیاد پر انہیں سیکنڈری پروفائلنگ کے لئے ریفر کیا۔ سخت جانچ پڑتال اور تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ دونوں مسافر ایک منظم منصوبے کے تحت اکٹھے سفر کر رہے تھے۔ دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ ان میں سے ایک مسافر یورپ (اٹلی) غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے لئےایک ایجنٹ کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا۔ غیر قانونی طور پر اٹلی پہنچانے کے لئے ایجنٹ کے ساتھ 35 لاکھ روپے کی بھاری رقم طے پائی تھی۔ترجمان کے مطابق ابتدائی حقائق اور ٹھوس شواہد کی روشنی میں انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کے شبہ میں دونوں مسافروں کو پرواز سے روک کر حراست میں لے لیا گیا۔ بعد ازاں انہیں مزید قانونی چارہ جوئی اور سہولت کاروں (ایجنٹس) کی گرفتاری کے لئے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔








