آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداءکی قربانی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں قوم کے پختہ عزم کی دائمی علامت ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے آرمی پبلک اسکول کے شہداءکو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی کا منبع خواہ کہیں بھی ہو، پاکستان عوام کے تحفظ، اپنی خودمختاری کے دفاع اور اتحاد، استقامت اور دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز اور موقف پر سمجھوتہ کئے بغیر پائیدار امن کے حصول کے ویژن کےلئے پرعزم …

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے آرمی پبلک اسکول کے شہداءکو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی کا منبع خواہ کہیں بھی ہو، پاکستان عوام کے تحفظ، اپنی خودمختاری کے دفاع اور اتحاد، استقامت اور دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز اور موقف پر سمجھوتہ کئے بغیر پائیدار امن کے حصول کے ویژن کےلئے پرعزم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کوجاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور پر ہونے والے بہیمانہ دہشت گردانہ حملے کے شہداءکی برسی کے موقع پر پاکستان ان معصوم بچوں اور اساتذہ کو عقیدت اور احترام کے ساتھ یاد کرتا ہے جو اس کھلی درندگی کا نشانہ بنے، ان کی قربانی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں قوم کے پختہ عزم کی دائمی علامت ہے۔ ترجمان نے کہاکہ شہداءکی یاد ہمیں اس امر کی بھی یاد دہانی کراتی ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کی ضرورت آج بھی اتنی ہی فوری اور ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جہاں 90 ہزار سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور ملک کو بھاری معاشی و سماجی نقصانات اٹھانا پڑے، یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے صفِ اوّل کے کردار اور غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہیں جن کی بدولت نہ صرف پاکستانیوں بلکہ خطے اور اس سے باہر بھی بے شمار جانیں محفوظ رہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف فیصلہ کن اور موثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم پاکستان کو سرحد پار سے سرگرم دہشت گرد عناصر کی جانب سے مسلسل خطرات کا سامنا ہے جنہیں ہمارے مخالفین کی سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس چیلنج کی مسلسل نشاندہی کرتا آیا ہے اور دہشت گردی کو اپنی سرزمین میں آنے سے روکنے کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات کرتا رہا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ان کوششوں کے ذریعے پاکستان نے اپنی سرحدوں سے باہر دہشت گردی کے پھیلائو کو روکنے میں ایک مضبوط حصار کا کردار ادا کیا ہے اور خطے اور دنیا کے امن و استحکام میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ناقابلِ تردید حقیقت دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمے اور پاکستان کو نشانہ بنانے والی تمام دہشت گرد تنظیموں سمیت ہر قسم کی معاونت کے مکمل سدِباب کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔