آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پنوں عاقل گریژن کے دورہ کے دوران افسران اور جوانوں سے خطاب

راولپنڈی ۔ 4 جولائی (اے پی پی)بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لئے پاکستان نے طویل سفر طے کیا ہے‘پاک فوج بے لوث لگن اور عزم کے ساتھ پاکستان اور اسکے عوام کی خوشحالی کے لئے تمام ریاستی اداروں کے ساتھ اپنی حمایت جاری رکھے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق منگل کو بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پنوں عاقل گریژن کا دورہ کیا جہاں پر انھیں آپریشنل تیاریوں اور داخلی سکیورٹی امور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ افسران اور جوانوں سے خطاب کر تے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور داخلی سکیورٹی کے حوالے سے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے حالیہ6ویں مردم شماری اور خانہ شماری کے حوالے سے پاک فوج کی کارکردگی کی تعریف کی ۔آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج بے لوث لگن اور عزم کے ساتھ پاکستان اور اسکے عوام کی خوشحالی کے لئے تمام ریاستی اداروں کے ساتھ اپنی حمایت جاری رکھے گی ‘پاکستان پہلے ہے اور اپنی ذات بعد میں ہے ۔