آزادی اور جمہوریت کے حوالے سے پاکستان اور امریکاکی اقدار مشترک ہیں، رضوان سعید شیخ

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ آزادی اور جمہوریت کے حوالے سے پاکستان اور امریکا کی اقدار مشترک ہیں، متعددامکانات کی روشنی میں پاک امریکاشراکت داری کا مستقبل روشن اور درخشاں ہے

واشنگٹن۔4جولائی (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ آزادی اور جمہوریت کے حوالے سے پاکستان اور امریکا کی اقدار مشترک ہیں، متعددامکانات کی روشنی میں پاک امریکاشراکت داری کا مستقبل روشن اور درخشاں ہے۔ ہفتہ کو امریکا میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق امریکا کی 250 ویں یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ امریکا کی 250 ویں سالگرہ کے تاریخی موقع پر حکومت پاکستان ِ اور پاکستانی عوام کی جانب سے امریکی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، امریکا کی تاریخ آزادی اور جمہوریت کے حوالے سے ثابت قدمی، جدت اور عزم سے عبارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اور جمہوریت کے حوالے سے پاکستان اور امریکا کی اقدار مشترک ہیں، پاکستان کا قیام بھی آزادی اور جمہوریت کی انہی اعلیٰ اقدار کے تحت معرضِ وجود میں آیا۔ رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات گزشتہ آٹھ دہائیوں سے وقت کی مُتعدد آزما ئشوں پر پورےاترے ہیں، پاک امریکا شراکت داری نہ صرف دوطرفہ بلکہ عالمی سطح پر ہمیشہ نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہے، متعددامکانات کی روشنی میں پاک امریکاشراکت داری کا مستقبل روشن اور درخشاں ہے، دونوں ممالک کا شمار آبادی کے لحاظ سے دنیا کے پانچ بڑے ممالک میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان حالیہ کثرتِ روابط اور مختلف امور پر یکساں نقطہ نظر انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو دیرپا شراکت داری کے حوالے سے خوش آئند ہے ، دیرپا اور سود مند شراکت داری کے فروغ کے لئے معدنیات ، توانائی، آئی ٹی اور زراعت جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری، تجارت پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، معاشی تعاون پر مبنی شراکت داری کے فروغ کے حوالے سے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ رضوان سعید شیخ نے کہا کہ امریکا کی تعمیر و ترقی میں بھرپور حصہ ڈالنے اور دونوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے پر پاکستانی امریکی کمیونٹی کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی روایتی سازوں پر مرتب کردہ امریکی قومی ترانے کا یہ تحفہ پاک مضبوط امریکا تعلقات کے ماضی ، حال اور درخشاں مستقبل کا آئینہ دار ہے، امریکی قومی ترانے کا یہ تحفہ امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے جذبات اور خلوص کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سراج نارسی اور انکی ٹیم کی جانب سے پاکستانی روایتی سازوں پر مرتب کردہ امریکی قومی ترانہ امریکی حکومت اور عوام کو تُحفتاًپیش کرتے ہیں۔ اس کاوش پر سراج نارسی اور انکی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔