آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان کی وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات

اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے منگل کو وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات کرکے آزادکشمیر کی مالی ضروریات بروقت پوری کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ صدر آزادکشمیر نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال سے وفاقی وزیر خزانہ کو آگاہ کرتے ہوئے بھارتی فائرنگ سے متاثر ہونے والوں کےلئے فنڈز کے اجراءکا معاملہ بھی اٹھایا جس …

اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے منگل کو وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات کرکے آزادکشمیر کی مالی ضروریات بروقت پوری کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ صدر آزادکشمیر نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال سے وفاقی وزیر خزانہ کو آگاہ کرتے ہوئے بھارتی فائرنگ سے متاثر ہونے والوں کےلئے فنڈز کے اجراءکا معاملہ بھی اٹھایا جس کا اعلان گزشتہ سال وزیر اعظم پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف نے لائن آف کنٹرول کے دورہ کے موقع پر کیا تھا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے صدر سردار مسعود خان کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت نہ صرف آزادکشمیر کی مالی ضروریات کو پورا کرے گی بلکہ آزاد علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے میں بھی بھرپور تعاون کرے گی۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ سیاحت کی ترقی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور آزاد جموں وکشمیر میں سیاحت کی ترقی کےلئے وفاقی حکومت دل کھول کر مدد کرے گی۔ وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ کامیاب دورہ چین پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے توقع ظاہر کی کہ اس دورے کے بعد پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی میں تیزی آئے گی۔ صدر سردار مسعود خان نے وزیر اعظم کے کامیاب دورہ چین پر اسد عمر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے نتیجہ میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو مکمل کرنے کے عزم میں مزید مضبوطی اور استحکام آئے گا جو چین کے عظیم الشان بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ ہے۔

مزید خبریں