آزاد جموں و کشمیر میں بلدیاتی انتخابات 2026-27 کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن نے عملی اقدامات شروع کردیے، لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1990 میں ضروری ترامیم اور انتخابات کے لیے درکار فنڈز کا تخمینہ حکومت کو ارسال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا
آزاد کشمیر ، بلدیاتی انتخابات کے لیے قانون میں ضروری ترامیم اور فنڈز کا تخمینہ تیار کرنے کا فیصلہ

مزید خبریں
مظفر آباد۔ 29 ستمبر (اے پی پی):آزاد جموں و کشمیر میں بلدیاتی انتخابات 2026-27 کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن نے عملی اقدامات شروع کردیے، لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1990 میں ضروری ترامیم اور انتخابات کے لیے درکار فنڈز کا تخمینہ حکومت کو ارسال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کی زیرِ صدارت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن، ممبر سید نظیر الحسن گیلانی، سیکرٹری ایاز بشیر، الیکشن کمشنر بلدیات راجہ راشد محمود اور نگران بلدیات راجہ مختیار حسین نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں نافذ العمل لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1990 میں انتخابات سے متعلق ضروری ترامیم کا جائزہ لے کر انہیں حکومت کو ارسال کیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جو دیگر صوبوں، بالخصوص پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق قانون سازی کو مدنظر رکھتے ہوئے سفارشات مرتب کرے گی۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے درکار فنڈز کا تخمینہ تیار کرکے حکومت کو ارسال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ انتخابی عمل کے لیے مطلوبہ مالی وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی طور پر الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور کمیشن یہ ذمہ داری ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔







