آسٹریلیا، میلبورن میں شاہراہ پر ٹریفک حادثہ، 3 افراد ہلاک، 2 زخمی

آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں شاہراہ پر متعدد گاڑیوں کے تصادم کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے، جن میں ایک کی حالت تشویشناک ہے۔شنہوا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ میلبورن میں واقع قصبے لیڈکورٹ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک کار ٹرک سے ٹکرانے کے بعد سڑک کی مخالف سمت میں جا پہنچی اور سامنے سے آنے والی ایک اور کار سے ٹکرا …

کینبرا۔28ستمبر (اے پی پی):آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں شاہراہ پر متعدد گاڑیوں کے تصادم کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے، جن میں ایک کی حالت تشویشناک ہے۔شنہوا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ میلبورن میں واقع قصبے لیڈکورٹ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک کار ٹرک سے ٹکرانے کے بعد سڑک کی مخالف سمت میں جا پہنچی اور سامنے سے آنے والی ایک اور کار سے ٹکرا گئی۔

پولیس کی میجر کولیژن انویسٹی گیشن یونٹ کے قائم مقام سارجنٹ لی ملر نے جائے حادثہ پر صحافیوں کو بتایا کہ دوسری کار میں سوار 2 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جن کی شناخت تاحال باضابطہ طور پر نہیں ہوسکی۔انہوں نے بتایا کہ مخالف سمت میں جانے والی کار میں 4 افراد سوار تھے، جن میں ایک 14 سالہ لڑکی بھی شامل تھی۔ لڑکی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دم توڑ گئی۔

حادثے میں ایک 11 سالہ لڑکی بھی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کی گئی، جبکہ گاڑی چلانے والے 17 سالہ زیر تربیت ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں۔ گاڑی میں سوار 43 سالہ خاتون محفوظ رہیں۔