سڈنی۔12نومبر (اے پی پی):آسٹریلیا اور انڈونیشیا نے نئے سکیورٹی معاہدے پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون میں اضافے کی شقیں شامل ہوں گی۔ اے ایف پی کے مطابق یہ اعلان دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے سڈنی میں ہونے والی ملاقات کے بعد کیا۔آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے صدر پرابوو سبینتو کے ساتھ رائل آسٹریلین نیوی بیس سڈنی میں مشترکہ پریس کانفرنس …
آسٹریلیا اور انڈونیشیا کا نیا سکیورٹی معاہدہ کرنے پر اتفاق

مزید خبریں
سڈنی۔12نومبر (اے پی پی):آسٹریلیا اور انڈونیشیا نے نئے سکیورٹی معاہدے پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون میں اضافے کی شقیں شامل ہوں گی۔ اے ایف پی کے مطابق یہ اعلان دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے سڈنی میں ہونے والی ملاقات کے بعد کیا۔آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے صدر پرابوو سبینتو کے ساتھ رائل آسٹریلین نیوی بیس سڈنی میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ دونوں ممالک نے مشترکہ سلامتی کے ایک نئے دوطرفہ معاہدے پر مذاکرات مکمل کر لیے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ معاہدہ اس بات کا اعتراف ہے کہ امن اور استحکام کے حصول کا بہترین طریقہ ایک ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔انتھونی البانیز نے کہا کہ وہ اگلے سال انڈونیشیا کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ اس نئے معاہدے پر دستخط کیے جا سکیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ یہ معاہدہ 2024 کے دفاعی معاہدے پر مبنی ہے جس میں فوجی تعاون اور ایک دوسرے کے ممالک میں فوجی آپریشنز کی اجازت سے متعلق شقیں شامل تھیں۔
نئے معاہدے کے تحت دونوں ممالک اس بات پر متفق ہوئے ہیں کہ وہ سکیورٹی سے متعلق امور پر باقاعدگی سے اعلیٰ سطحی مشاورت کریں گے اور اگر کسی ایک یا دونوں ممالک کی سکیورٹی کو خطرہ لاحق ہوا تو وہ مشترکہ یا انفرادی اقدامات پر غور کریں گے۔انڈونیشی صدر پرابوو سبینتو نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کو دفاع اور سلامتی کے میدان میں قریبی تعاون کا پابند بناتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنے پڑوسی نہیں چن سکتے،اچھے پڑوسی مشکل وقتوں میں ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔








