آسٹریلیا میں پاکستان کے نئے ہائی کمشنر کا پاکستانی کمیونٹی سے قریبی روابط رکھنے کا عزم

کینبرا ۔16اکتوبر (اے پی پی):آسٹریلیا میں حال ہی میں تعینات ہونے والے پاکستان کے ہائی کمشنر عرفان شوکت نے کہا ہے کہ وہ آسٹریلیا اور بحرالکاہل کے دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو شفاف، مؤثر اور آسان خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے پاکستانی برادری کے نام ایک خط میں ان کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان کی کوششوں سے …

کینبرا ۔16اکتوبر (اے پی پی):آسٹریلیا میں حال ہی میں تعینات ہونے والے پاکستان کے ہائی کمشنر عرفان شوکت نے کہا ہے کہ وہ آسٹریلیا اور بحرالکاہل کے دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو شفاف، مؤثر اور آسان خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے پاکستانی برادری کے نام ایک خط میں ان کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان کی کوششوں سے پاکستان کا مثبت تاثر ان ممالک میں ابھرا ہے۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی ایک زندہ پل کی حیثیت رکھتی ہے، جو اپنے وطن کی اصل روح اور اقدار کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کمیونٹی کے ساتھ مل کر تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے اور تعاون کے نئے راستے تلاش کریں گے۔عرفان شوکت کو آسٹریلیا کے ساتھ ساتھ فیجی، نااورو، پاپوا نیو گنی، سولومن آئی لینڈز اور وانواتو کے لیے بھی پاکستان کا سفارتی نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائی کمیشن اور تمام قو نصل خانے وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمت کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے پابند ہیں ۔ہائی کمشنر نے پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ سفارت خانے کے ساتھ اپنا رابطہ قائم رکھیں، فیڈبیک دیں اور پاکستان کی ثقافت، ورثے اور قومی مفادات کو فروغ دینے کی اجتماعی کوششوں میں بھرپور حصہ لیں۔