آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور تمام کھلاڑی عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں، شاہین شاہ آفریدی

آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور تمام کھلاڑی عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں، شاہین شاہ آفریدی

راولپنڈی۔29مئی (اے پی پی):قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور تمام کھلاڑی عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں، آسٹریلیا ایک مضبوط ٹیم ہے تاہم پاکستانی کھلاڑی ہوم گراؤنڈ پر شائقین کی توقعات پر پورا اترنے اور سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

جمعہ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ٹیم نے لاہور میں منعقدہ تربیتی کیمپ میں بھرپور تیاری کی جہاں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے سخت محنت کی۔ قومی کپتان نے بتایا کہ کیمپ کے دوران فزیکل ٹریننگ، نیٹ سیشنز اور پریکٹس میچز کا انعقاد کیا گیا جس سے کھلاڑیوں کو اپنی خامیوں پر قابو پانے اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے بہتر تیاری کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم اس عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی کہ ہوم گراؤنڈ پر شاندار کھیل پیش کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں، بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بعض کھلاڑیوں کو بہتری کے حوالے سے مشورہ دیا ہے تو یقیناً ان سے ذاتی سطح پر بات کی گئی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بطور کپتان وہ تمام کھلاڑیوں کو ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں اور ہر کھلاڑی ٹیم کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بابر اعظم ایک طویل عرصے تک ون ڈے ٹیم کی بیٹنگ لائن کا اہم ستون رہے ہیں اور ان کی ٹیم میں واپسی سے بیٹنگ مزید مضبوط ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ اور بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھائی اور امید ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بھی اچھی فارم برقرار رکھیں گے۔ قومی کپتان نے کہا کہ سلیکٹرز نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں تاکہ آئندہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے بہترین دستیاب ٹیم تیار کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کو بین الاقوامی سطح پر اعتماد دینے سے مستقبل میں قومی ٹیم مزید مضبوط ہو گی۔

فاسٹ باؤلنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وہ خود سمیت تمام فاسٹ باؤلرز اپنی رفتار اور مہارت میں اضافے کے لیے محنت کر رہے ہیں جبکہ کوچنگ اسٹاف بھی اس پہلو پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی کوشش ہوتی ہے کہ متحد ہو کر کھیلتے ہوئے میچز جیتے جائیں اور میدان میں سو فیصد کارکردگی پیش کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی ملک و قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں اور شائقین کرکٹ کو آسٹریلیا کے خلاف ایک اچھی اور مسابقتی سیریز دیکھنے کو ملے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ (کل) بروز ہفتہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں