آنے والا سال پاکستان میں سرمایہ کاری، معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے نئے باب کا آغاز ثابت ہو گا، وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے نئے سال 2026ء کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والا سال پاکستان میں سرمایہ کاری، معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہو گا۔ سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی و غیر ملکی سرمایہ …

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے نئے سال 2026ء کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والا سال پاکستان میں سرمایہ کاری، معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہو گا۔ سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے موثر اور دور رس اقدامات کر رہی ہے، سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے، شفاف پالیسیوں کے نفاذ، ون ونڈو آپریشن اور کاروبار دوست اصلاحات کے باعث پاکستان عالمی سرمایہ کاری کے نقشے پر ایک پرکشش منزل کے طور پر ابھر رہا ہے۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت کی سنجیدہ کوششوں کے نتیجے میں بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور مختلف شعبوں بشمول توانائی، آئی ٹی، زراعت، صنعت، انفراسٹرکچر اور خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت نجی شعبے کو قومی ترقی کا شراکت دار سمجھتی ہے اور سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان کا نوجوان طبقہ، سٹریٹجک محل وقوع اور وسیع منڈی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے بے پناہ امکانات رکھتی ہے۔اپنے پیغام میں قیصر احمد شیخ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سال 2026ء میں سرمایہ کاری کے فروغ، معاشی استحکام اور خوشحال پاکستان کے خواب کو عملی شکل دینے کے لیے تمام ادارے مل کر کام کریں گے اور یہ سال ملک کی ترقی اور خوشحالی کا سنگ میل ثابت ہوگا۔