آڈیٹر جنرل آف پاکستان مقبول احمد گوندل نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں میں شفافیت، احتساب، مالیاتی نظم و ضبط اور بہتر طرز حکمرانی کے فروغ میں آڈٹ ادارے کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے اسلام آباد میں اے جی پی آڈٹ کمپلیکس کا افتتاح کر دیا
اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):آڈیٹر جنرل آف پاکستان مقبول احمد گوندل نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں میں شفافیت، احتساب، مالیاتی نظم و ضبط اور بہتر طرز حکمرانی کے فروغ میں آڈٹ ادارے کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں اسلام آباد میں اے جی پی آڈٹ کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے کہا کہ اے جی پی آڈٹ کمپلیکس کا افتتاح اسلام آباد میں آڈٹ ادارے کی آپریشنل استعداد مضبوط بنانے اور افسران و عملے کو بہتر کام کرنے کی سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔
مقبول احمد گوندل نے ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے اور آڈٹ افسران و عملے کے لیے جدید، سازگار اور مکمل سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ آڈٹ عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے جدید ڈیجیٹل آلات، بہتر دفتری سہولیات اور استعداد کار بڑھانے کے تربیتی پروگرام فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے زور دیا کہ موثر آڈٹ، شفافیت، احتساب اور مالیاتی نظم و ضبط قومی معیشت کو مضبوط بنانے، عوامی وسائل کے تحفظ اور سرکاری خزانے کی حفاظت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
بعد ازاں آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے نئے قائم کیے گئے آڈٹ کمپلیکس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جن میں مسجد اور ڈے کیئر سینٹر بھی شامل ہے۔ انہوں نے افسران اور عملے کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی کو سراہا۔اس سے قبل تقریب کا آغاز پرچم کشائی، تلاوت قرآن پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے فیتہ کاٹ کر اور یادگاری تختی کی نقاب کشائی کے ذریعے آڈٹ کمپلیکس کا باضابطہ افتتاح کیا۔تقریب میں محکمہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے سینئر افسران ڈائریکٹر جنرل آڈٹ (پی اینڈ ٹی ایس)، آڈٹ (پاور)، آڈٹ (پی اینڈ آر) اور آڈٹ (موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات) سمیت دیگر سینئر حکام اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔









