ابتدائی انتخابی فہرستوں میں ووٹ اندراج، منتقلی، اعتراض، حذف اور درستگی کوائف کے فارم جمع کرانے کےلئے8 دن باقی ہیں، ڈسپلے سنٹرز ہفتہ اور اتوارکھلے رہیں گے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد ۔ 7 فروری (اے پی پی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شہریوں کو یاد دہانی کرائی ہے کہ ابتدائی انتخابی فہرستوں میں ووٹ اندراج، منتقلی، اعتراض، حذف اور درستگی کوائف کے فارم جمع کرانے کےلئے صرف 8 دن باقی ہیں۔ جمعہ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے ووٹرز کے نام جاری پیغام میں شہریوں کو آگاہ گیا ہے کہ وہ ابتدائی انتخابی فہرست میں درج اپنے …

اسلام آباد ۔ 7 فروری (اے پی پی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شہریوں کو یاد دہانی کرائی ہے کہ ابتدائی انتخابی فہرستوں میں ووٹ اندراج، منتقلی، اعتراض، حذف اور درستگی کوائف کے فارم جمع کرانے کےلئے صرف 8 دن باقی ہیں۔ جمعہ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے ووٹرز کے نام جاری پیغام میں شہریوں کو آگاہ گیا ہے کہ وہ ابتدائی انتخابی فہرست میں درج اپنے ووٹ کے کوائف کی اور ڈسپلے سنٹر کی تفصیلات اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے حاصل کرسکتے ہیں۔ ڈسپلے سینٹرز پر فارم 15 برائے اندراج و منتقلی ووٹ، فارم 16 اعتراض/حذف ووٹ اور فارم 17 برائے کوائف درستگی جمع کرا سکتے ہیں۔ ڈسپلے سنٹر پر فہرست برائے حذف ووٹ بوجہ فوتگی کا معائنہ بھی کیا جا سکتا ہے جو ایسے ووٹرز کے کوائف پر مشتمل ہے جن کی فوتگی یونین کونسلز میں درج ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ابتدائی انتخابی فہرستوں کے معائنہ کےلئے ملک بھر میں 24000 ڈسپلے سنٹرز قائم کئے ہیں۔ ڈسپلے سنٹرز میں فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 فروری 2020 ءہے۔ ڈسپلے سنٹرز ہفتہ اور اتوار کے ایام میں کھلے رہیں گے۔ الیکشن کمیشن نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کئے بغیر اپنے ووٹ کے اندراج کو اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا موجودہ پتہ پر یقینی بنائیں۔