اسلام آباد ۔ 29 جنوری (اے پی پی) پاکستان اور روس نے افغان امن عمل سے متعلق مشاورت جاری رکھنے اور خطہ و افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کی غرض سے تمام علاقائی اقدامات کی حمایت پر اتفاق کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ اتفاق رائے منگل کو یہاں وزارت خارجہ میں روسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف اور وزیر خارجہ شاہ محمود …
پاکستان اور روس کا افغان امن عمل سے متعلق مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق، دفتر خارجہ کے ترجمان

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 29 جنوری (اے پی پی) پاکستان اور روس نے افغان امن عمل سے متعلق مشاورت جاری رکھنے اور خطہ و افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کی غرض سے تمام علاقائی اقدامات کی حمایت پر اتفاق کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ اتفاق رائے منگل کو یہاں وزارت خارجہ میں روسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مابین ملاقات کے دوران پایا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں امن و استحکام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ اور طالبان کے درمیان حالیہ مذاکرات میں مشترکہ ذمہ داری اور نیک نیتی کے تحت سہولت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ بات چیت سے باہمی افغان مذاکرات کیلئے راہ ہموار ہوگی اور جس سے افغانستان میں پائیدار امن قائم ہو گا۔ افغان امن عمل میں ہمسایہ اور علاقائی ملکوں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے افغان مصالحتی کوششوں میں ماسکو فارمیٹ مشاورت کے ذریعے روس کے اہم کردار کو سراہا۔ روسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف نے اس موقع پر افغان مصالحتی عمل میں سہولت کار کی حیثیت سے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس افغانستان میں امن و استحکام میں اہم سٹیک ہولڈرز ہیں، قریبی تعاون کے ذریعے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے تمام کوششوں کی حمایت دونوں ملکوں کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ افغانستان کے مسئلہ کے حل کےلئے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن مجموعی طور پر خطہ میں امن و استحکام کےلئے ناگزیر ہے۔ بعد ازاں صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے درمیان علاقائی سیاسی صورتحال اور افغان مصالحتی عمل سے متعلق تفصیلی مشاورت بھی ہوئی۔








