احسن بختاوری نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کا چارج سنبھال لیا

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):احسن ظفر بختاوری نے سال 2022-23 کے لیے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر، فاد وحیدنے سینئر نائب صدر اور محمد اظہر الاسلام نے نائب صدر کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

اس سلسلے میں آئی سی سی آئی میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں نومنتخب عہدیدارن نے سبکدوش ہونے والے عہدیداران سے چارج لیا۔ گروپ لیڈر خالد اقبال ملک، خالد جاوید، میاں اکرم فرید، زاہد مقبول، ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، میاں شوکت مسعود، ناصر قریشی، باصر داؤد، ناصر خان، شیخ عامر وحید، سردار یاسر الیاس خان، محمد احمد وحید اور خالد چوہدری سمیت تاجر وصنعتکاری برادری کی ایک بڑی تعداد تقریب موجود تھی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے احسن بختاوری نے کہا کہ آئی سی سی آئی کی صدارت کا چارج سنبھالنا ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور اس پلیٹ فارم سے تاجروصنعتکار برادری کی بہتر خدمت کرنا ان کا اہم مشن ہو گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بزنس کمیونٹی کے مفادات کے بہتر فروغ کے لیے بھرپور کوشش کریں گے اور ان کے اہم مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ مارکیٹوں، صنعتی علاقوں اور شہر کی بہتر ترقی کے لیے بھی کام کریں گے۔گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے نو منتخب صدر احسن بختاوری، سینئر نائب صدر فاد وحید اور نائب صدر محمد اظہر الاسلام ظفر کو اپنے قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی ٹیم بزنس کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے فعال کردار ادا کرے گی۔

فاد وحید، سینئر نائب صدر اور محمد اظہر الاسلام ظفر، نائب صدر آئی سی سی آئی نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بزنس کمیونٹی کی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے موثر کردار ادا کریں گے۔

خالد جاوید، میاں اکرم فرید، محمد اعجاز عباسی، میاں شوکت مسعود، ناصر قریشی،زاہد مقبول، ناصر خان، باصر داؤد، شیخ عامر وحید، سردار یاسر الیاس خان، محمد احمد وحیداور دیگر نے بھی آئی سی سی آئی کے نئے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور کاروباری برادری کی خدمت کی کوششوں میں ان کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔