اردن، متحدہ عرب امارات اور مصر کا غزہ میں مشترکہ فضائی امدادی آپریشن،خوراک اور طبی سامان کی کھیپ پہنچائی

gaza
gaza

قاہرہ ۔28فروری (اے پی پی):اردن، متحدہ عرب امارات اور مصر نے غزہ میں مشترکہ فضائی امدادی آپریشن کیا ہے جس میں محصورین کے لیے فضا سے ضروری سامان گرایا گیا۔ العربیہ نے مصری سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مصری فضائیہ نے امارات اور اردن کی شرکت کے ساتھ غزہ کی پٹی میں خوراک اور طبی امداد کی ایک نئی کھیپ پہنچائی، یہ امدادی سامان فضا سے طیاروں کے ذریعے گرایا گیا۔

ذرائع کے مطابق مصر غزہ کی پٹی کے اندربے گھر ہونے والوں کے لیے دوسری پناہ گاہ کا قیام مکمل کر لے گا۔ انہوں نے کہا کہ مصر اس وقت دیر البلاح گورنری کے شمال میں بے گھر ہونے والوں کے لیے تیسری پناہ گاہ قائم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کر رہا ہے۔ وہ غزہ کی پٹی کے اندر ایک فیلڈ ہسپتال قائم کرنے کی تیاری کر رہا ہے جس میں آپریشن روم بھی شامل ہوگا۔ اس آپریشن کامقصد غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت سے بے گھر ہونے والے ہزاروں فلسطینیوں کو امداد ،پناہ اور علاج فراہم کرنا ہے۔