اساتذہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت اور معاشرے کی مثبت تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں،مولانا ہدایت الرحمان بلوچ

ضلعی آفیسر تعلیم گوادر زاہد بلوچ کی زیرِ صدارت 5 اکتوبر کو ٹیچرز ڈے کے موقع پر ضلعی سطح پر مرکزی تقریب کے انعقاد اور انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہواجس میں رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے معاون وسیم صمد اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے شرکت کی

کوئٹہ۔ 25 ستمبر (اے پی پی):ضلعی آفیسر تعلیم گوادر زاہد بلوچ کی زیرِ صدارت 5 اکتوبر کو ٹیچرز ڈے کے موقع پر ضلعی سطح پر مرکزی تقریب کے انعقاد اور انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہواجس میں رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے معاون وسیم صمد اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ٹیچرز ڈے کے حوالے سے مجوزہ پروگرام، انتظامی امور اور اساتذہ کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے سمیت مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ ضلع گوادر کی سطح پر مرکزی تقریب گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گوادر میں منعقد کی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تقریب میں ضلع بھر سے اساتذہ، تعلیمی اداروں کے سربراہان، محکمہ تعلیم کے افسران اور تعلیم کے شعبے سے وابستہ افراد کو مدعو کیا جائے گا، جبکہ تقریب کو مؤثر، باوقار اور یادگار بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔اس موقع پر کہا گیا کہ اساتذہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت اور معاشرے کی مثبت تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ٹیچرز ڈے کی تقریب کو خصوصی انداز میں منعقد کیا جائے گا۔

اجلاس میں پروگرام کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے لیے آئندہ بھی متعلقہ حکام کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کرنے اور تمام انتظامات کو بروقت مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔