اساتذہ کو عصری تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وجیہہ قمر

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ اساتذہ کو عصری تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، نان فارمل تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ اساتذہ کے لئے اعزازیہ کی منظوری بھی اسی عزم کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اساتذہ قوم کے مستقبل کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے …

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ اساتذہ کو عصری تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، نان فارمل تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ اساتذہ کے لئے اعزازیہ کی منظوری بھی اسی عزم کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اساتذہ قوم کے مستقبل کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور حکومت ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں بہتری کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔وہ منگل کو فیڈرل کالج آف ایجوکیشن اسلام آباد میں ڈائریکٹوریٹ جنرل نان فارمل ایجوکیشن کے زیر اہتمام آزاد کشمیر کے بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز (بی ای سی ایس) کے 201 اساتذہ کے لئے منعقدہ پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل بی ای سی ایس حیدر نیازی نے مہمانِ خصوصی اور شرکا کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ بیسک ایجوکیشن کا یہ پروگرام گزشتہ تین دہائیوں سے معاشرے کے پسماندہ طبقات کی خدمت کر رہا ہے جس کے ذریعے لاکھوں بچوں کو بنیادی تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت آزاد کشمیر میں قائم 201 کمیونٹی سکولز میں تقریباً 10 ہزار بچے جن میں اکثریت بچیوں کی ہے، زیر تعلیم ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ تربیتی ورکشاپ اساتذہ کو جدید تدریسی طریقوں سے روشناس کرانے اور ان کی پیشہ وارانہ مہارتوں میں اضافہ کرنے کے لئے ترتیب دی گئی ہے، چار سال بعد طلبا کو تعلیمی مواد فراہم کیا گیا ہے جبکہ آٹھ سال کے وقفہ کے بعد یہ تربیتی پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ تدریسی معیار اور سکولوں کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔

وزیر مملکت نے ڈائریکٹوریٹ جنرل نان فارمل ایجوکیشن اور بی ای سی ایس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تربیتی پروگرام اساتذہ کو موجودہ تعلیمی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر سے اسلام آباد آنے والے اساتذہ کی شرکت قابلِ تحسین ہے اور حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ایسے پروگرام آئندہ بھی باقاعدگی سے منعقد ہوں۔وجیہہ قمر نے اساتذہ کو یقین دلایا کہ حکومت طلبا کے لئے ٹیچنگ اینڈ لرننگ میٹریل کی بروقت فراہمی سمیت مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اساتذہ کے لئے 37 ہزار 500 روپے ماہانہ اعزازیہ کی منظوری دے دی گئی ہے جس پر آئندہ مالی سال سے عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے تک معیاری تعلیم پہنچانا مشترکہ ذمہ داری ہے اور اساتذہ اس قومی مشن میں صفِ اول کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دفتر اساتذہ کے لئے ہر وقت قابلِ رسائی رہے گا۔وزیر مملکت نے کہا کہ آئندہ تربیتی پروگرام یا تو اسلام آباد میں منعقد کئے جائیں گے یا انہیں آزاد کشمیر تک توسیع دی جائے گی تاکہ اساتذہ کی مسلسل پیشہ وارانہ تربیت کو یقینی بنایا جا سکے اور معیاری تعلیم خطے کے ہر حصے تک پہنچ سکے۔

 

مزید خبریں