اسلامی اقتصادی اصول ہی پائیدار ترقی اور فلاحی معاشرے کے ضامن ہیں، سردار محمد یوسف

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ اسلامی اقتصادی اصول ہی پائیدار ترقی اور فلاحی معاشرے کے ضامن ہیں،اسلامک فنانس نہ صرف سود سے پاک نظام معیشت فراہم کرتا ہے بلکہ کرپشن اور معاشی ناانصافی کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

لاہور۔17اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ اسلامی اقتصادی اصول ہی پائیدار ترقی اور فلاحی معاشرے کے ضامن ہیں،اسلامک فنانس نہ صرف سود سے پاک نظام معیشت فراہم کرتا ہے بلکہ کرپشن اور معاشی ناانصافی کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی(یو ایم ٹی)میں اسلامک اکنامکس،فنانس اور بینکنگ کے موضوع پر چھٹے عالمی فورم سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا،اس میں ملکی و بین الاقوامی ماہرین، پالیسی سازوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ نوجوان نسل کی موثر رہنمائی اور تربیت وقت کی اہم ضرورت جبکہ تعلیمی اداروں کا اسلامی بینکاری کے فروغ میں کردار نہایت اہم ہے۔

انہوں نے فورم کے کامیاب انعقاد پر یو ایم ٹی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے علمی پلیٹ فارمز پالیسی سازی اور عملی اقدامات کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور عسکری قیادت کی کاوشوں سے ملک کا عالمی وقار بلند ہو رہا ہے۔اس موقع پر ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم نے اپنے آن لائن خطاب میں پروفیسر خورشید احمد کی اسلامی معیشت کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش معاشی چیلنجز کا حل تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔چیئرمین یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملکی معیشت کا بڑا حصہ سودی قرضوں کی ادائیگی میں صرف ہو رہا ہے جبکہ دنیا کی نصف دولت صرف ایک فیصد آبادی کے پاس مرتکز ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ اسلامی فنانس کے نفاذ کے لیے موثر پالیسی سازی ناگزیر ہے اور یہ نظام عالمی مالیاتی ڈھانچے میں مثبت تبدیلی لا سکتا ہے۔فورم کا اہتمام پروفیسر خورشید احمد انسٹی ٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ فنانس کے زیرِ اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر سٹیٹ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر غلام محمد عباسی، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے کمشنر امتیاز حیدر اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر ذکی اعجاز بھی شریک ہوئے۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف اور دیگر معزز مہمانوں میں یادگاری سوینئر تقسیم کئے۔