اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں طلباء کی رہائشی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے ہاسٹل تزئین و آرائش کے منصوبے پر عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کی ہدایات اور وژن کے تحت شروع کیا گیا ہے ،جس کا مقصد طلباء کو بہتر رہائشی ماحول فراہم کرنا اور تعلیمی سرگرمیوں میں کم سے …
اسلامی یونیورسٹی میں طلباء کی رہائشی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے ہاسٹل تزئین و آرائش کے منصوبے پر عملی کام کا آغاز کر دیا گیا
اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں طلباء کی رہائشی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے ہاسٹل تزئین و آرائش کے منصوبے پر عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کی ہدایات اور وژن کے تحت شروع کیا گیا ہے ،جس کا مقصد طلباء کو بہتر رہائشی ماحول فراہم کرنا اور تعلیمی سرگرمیوں میں کم سے کم خلل کو یقینی بنانا ہے۔
یہ تزئین و آرائش کا منصوبہ مملکتِ سعودی عرب کی جانب سے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے طلباء کے لئے تحفے کے طور پر معاونت کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے تحت ہاسٹلز کے اندرونی حصوں کی جامع بحالی کی جا رہی ہے جس میں واش رومز، مشترکہ رہائشی مقامات اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔مرحلہ وار اور منظم حکمتِ عملی کے تحت اس وقت ایک ہاسٹل کو خالی کرانے کا عمل جاری ہے تاکہ تزئین و آرائش کا کام بلا تعطل مکمل کیا جا سکے۔
اس عمل میں متعلقہ دفاتر کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ طلباء کے مسائل کو ذمہ دارانہ اور حساس انداز میں حل کیا جا سکے۔ طلباء کی درخواستوں اور جاری امتحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے صدر جامعہ نے ہدایت کی ہے کہ مکمل تزئین و آرائش کا کام امتحانات کے اختتام کے فوراً بعد شروع کیا جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ عبوری طور پر طلباء کے رہائشی ماحول کو بہتر بنانے کے لئے جزوی پینٹنگ اور دیگر بہتری کے کام انجام دیئے گئے ہیں۔
منصوبے کے دوران استعمال ہونے والے تعمیراتی مواد کے نمونوں کا باقاعدہ معائنہ، معیار کی جانچ اور منظوری کے تمام مراحل مکمل کئے جا رہے ہیں تاکہ معیار اور حفاظتی اصولوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ یہ منصوبہ صدر جامعہ کی طلباء فلاح و بہبود، کیمپس انفراسٹرکچر کی بہتری، شفاف منصوبہ بندی اور باہمی تعاون کے ذریعے ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔









