اسلام آبادیونائیٹڈ نے اچھی اننگز کھیلی، عماد وسیم اور حیدر علی نے بہت زبردست کھیل پیش کیا، ڈیرن سیمی

اسلام آبادیونائیٹڈ نے اچھی اننگز کھیلی، عماد وسیم اور حیدر علی نے بہت زبردست کھیل پیش کیا، ڈیرن سیمی

کراچی۔ 17 مارچ (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ اسلام آبادیونائیٹڈ نے اچھی اننگز کھیلی، عماد وسیم اور حیدر علی نے بہت زبردست کھیل پیش کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ سیزن نائن کے دوسرے ایلیمنیٹر میچ کے بعدگذشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9پلے آف میں ایک ٹرافی جیتنا کافی نہیں، ہمیں اور جیتنا چاہیے تھا، اگر ٹرافی نہیں جیتے تو ہر سال پی ایس ایل کا پلے آف کھیلنے کی کوئی اہمیت نہیں۔

اس وکٹ پر ہم نے تقریبا 20 رنز کم بنائے تھے، جیسا آغازہوا اس کے بعد 200کا ہدف ذہن میں تھا، ہم نے بولنگ میں بھی ابتدا کے 10اوور میں اچھا کھیلا بعد میں اچھا نہ کھیل سکے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی ٹیم سے پوچھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی صلاحیت کیا ہے تو ٹیم نے کہا کہ وہ کم بیک کرتی ہے، ہم نے ابتدائی 10اوور کے بعد اسلام آباد کو کم بیک کا موقع دیا۔

ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد نے اچھی اننگز کھیلی، عماد وسیم اور حیدر علی نے بہت زبردست کھیل پیش کیا۔ پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ یہ پشاور زلمی کی روایتی کرکٹ نہیں تھی، ہم نے بولنگ میں غلطیاں کیں، تسلسل کی کمی رہی، بولنگ پلان کے مطابق نہیں ہوسکی تھی۔

ڈرین سیمی نے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی پر بہت خوش ہوں، امید ہے فائنل میں کراچی میں بڑا کرائوڈ آئے گا، پاکستان میں کرائوڈ کاجوش و جذبہ ہمیشہ انجوائے کیا ہے۔