اسلام آباد میں آؤٹ آف سکول بچوں کے اندراج کے لئے“نو چائلڈ لیفٹ بی ہائنڈ”مہم شروع

وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے اسلام آباد میں سکول سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے لئے“نو چائلڈ لیفٹ بی ہائنڈ”کے عنوان سے گھر گھر سروے اور داخلہ مہم کا آغاز کر دیا ہے، اس مہم کا مقصد یونین کونسل کی سطح پر تفصیلی گھریلو سروے کے ذریعے ایسے بچوں کی نشاندہی کرنا ہے جو کسی بھی تعلیمی ادارے میں داخل نہیں ہیں اور …

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے اسلام آباد میں سکول سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے لئے“نو چائلڈ لیفٹ بی ہائنڈ”کے عنوان سے گھر گھر سروے اور داخلہ مہم کا آغاز کر دیا ہے، اس مہم کا مقصد یونین کونسل کی سطح پر تفصیلی گھریلو سروے کے ذریعے ایسے بچوں کی نشاندہی کرنا ہے جو کسی بھی تعلیمی ادارے میں داخل نہیں ہیں اور انہیں قریبی سکولوں میں داخل کرانا ہے تاکہ ہر بچے کو تعلیم تک رسائی فراہم کی جا سکے،یہ مہم تعلیمی شعبے سے وابستہ اداروں، سرکاری محکموں اور نجی تنظیموں کے اشتراک سے چلائی جا رہی ہے۔

اس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولز (بی ای سی ایس) کو نو یونین کونسلز میں سروے اور ڈیٹا جمع کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔بی ای سی ایس نے پیر 9 مارچ 2026 کو جی-6/2 اسلام آباد کے علاقے دھوبی گھاٹ سے باقاعدہ فیلڈ سروے کا آغاز کیا جہاں سروے ٹیموں نے گھر گھر جا کر سکول سے باہر بچوں کے بارے میں معلومات جمع کرنا اور والدین کو بچوں کے داخلے کے لئے آمادہ کرنا شروع کر دیا۔

ڈائریکٹر جنرل بی ای سی ایس حمید خان نیازی کا کہنا ہے کہ یہ مہم حکومت کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا، داخلوں کی شرح میں اضافہ کرنا اور کسی بھی بچے کو اس کے بنیادی حق یعنی تعلیم سے محروم نہ رہنے دینا ہے۔حکام کے مطابق سروے کے ذریعے جمع ہونے والا ڈیٹا حکومت کو مؤثر حکمت عملی ترتیب دینے میں مدد دے گا تاکہ سکول سے باہر بچوں کو باضابطہ تعلیمی نظام میں لایا جا سکے اور اسلام آباد میں تعلیم تک ہمہ گیر رسائی کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔