"ہیمبرگ میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں نے بھرپور شرکت کرکے وطن سے اپنی محبت، وابستگی اور جذبہ حب الوطنی کا اظہار کیا۔”
پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے جرمنی میں خصوصی تقریب،پاکستانی سفیر ثقلین سیدہ کا قومی یکجہتی اور اقدار کے فروغ و تحفظ کی ضرورت پر زور

مزید خبریں
ہیمبرگ۔19اگست (اے پی پی):پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں خواتین اور فیملیز سمیت اوورسیز پاکستانیوں نے بھرپور شرکت کرکے وطن سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کیاجبکہ قومی جوش وجذبے اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ آزادی کا جشن منایا۔
تقریب میں جرمنی میں پاکستان کی سفیر ثقلین سیدہ نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر فرسٹ سیکرٹری علی شاہد، پریس قونصلر ڈاکٹر سہیل آفتاب، رکنِ پارلیمنٹ ہیمبرگ گلفام ملک اورچیف آرگنائزر اوورسیز پاکستانیز یورپ اور جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) جرمنی انصار بٹ بھی موجود تھے۔ تقریب کا اہتمام کوآرڈینیٹر پاکستان مسلم لیگ (ن) (حکومتِ پاکستان)جہانگیر سلیم ،پی ایم ایل ن یوتھ ونگ ،جرمنی کے صدر رانا عامر محمود، فرید شاہ اور رانا جاوید نے کیا جبکہ شاہ رخ محمود نے میڈیا کوآرڈینیٹر کے فرائض انجام دیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیرثقلین سیدہ نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت اور قیمتی قومی اثاثہ ہے۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ باہمی اتحاد، بھائی چارے اور ہم آہنگی کے ساتھ رہیں، قومی یکجہتی اور اقدار کو مقدم رکھیں اور پاکستان کے قیام کے لیے اپنے بزرگوں کی دی جانے والی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تحریکِ آزادی کے دوران لاکھوں لوگوں نے بے مثال قربانیاں دیں، اس لیے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی آزادی، خودمختاری اور قومی تشخص کی قدر کریں اور اس کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔تقریب کا اختتام قومی جوش و جذبے کے ساتھ یومِ آزادی کا کیک کاٹنے کی تقریب سے ہوا۔ اس موقع پر پاکستان کے امن، خوشحالی، ترقی اور روشن مستقبل کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔







