اسلام آباد ٹریفک پولیس کا جامع ٹریفک ہدایت نامہ جاری

اسلام آباد ٹریفک پولیس کا جامع ٹریفک ہدایت نامہ جاری

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے جامع ٹریفک ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے اور وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔ پیر کو آئی ٹی پی کے ایک اہلکار نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں اور ٹریفک کی رفتار سست ہو سکتی ہے جس سے اگر مناسب احتیاط نہ برتی جائے تو حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گاڑی چلانے والوں کو تیز بارش کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال کرنا چاہیے اور اپنی رفتار کو قابو میں رکھنا چاہیے تاکہ محفوظ ڈرائیونگ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیورز اور موٹر سائیکل سواروں کو اپنی لین کی سختی سے پابندی کرنی چاہیے اور سفر کے دوران سائیڈ مررز اور انڈیکیٹرز کا استعمال یقینی بنانا چاہیے تاکہ ٹکرائو سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار انتہائی بائیں لین میں رہیں اور آہستہ رفتار سے گاڑی چلائیں تاکہ اپنی اور سڑک پر موجود دیگر افراد کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران شہریوں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے آئی ٹی پی کے اہلکار مختلف سڑکوں پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی مدد یا رہنمائی کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 یا ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔