وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس نے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے
اسلام آباد پولیس کافول پروف سکیورٹی کے لئے مختلف علاقوں میں گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز کا آغاز

مزید خبریں
اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس نے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ اقدامات آئی جی اسلام آباد کے خصوصی احکامات پر کیے جا رہے ہیں۔پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ سیکریٹریٹ، گولڑہ، انڈسٹریل ایریا، ہمک، بنی گالہ، ترنول اور کھنہ کے علاقوں میں سرچ آپریشنز کیے گئے۔ یہ آپریشنز زونل ایس پیز کی نگرانی میں مکمل کیے گئے جن میں لیڈیز پولیس اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔سرچ آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 701 افراد اور 262 گھروں کی تلاشی لی گئی، جبکہ 83 دکانوں اور 48 ہوٹلز کو بھی چیک کیا گیا۔ اسی طرح 251 موٹر سائیکلوں اور 117 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔پولیس نے کارروائی کے دوران 27 مشکوک افراد اور 23 موٹر سائیکلوں کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا ہے۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی کے لیے خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جبکہ تمام پٹرولنگ یونٹس اور خصوصی اسکواڈ شہر بھر میں مسلسل گشت کر رہے ہیں۔ سینئر پولیس افسران بھی فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ چیکنگ کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ ترجمان کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔








