پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وزارتِ داخلہ اور اس کے تمام ذیلی اداروں کی مکمل سہولتیں شہریوں کو ایک ہی چھت تلے میسر ہوں گی۔ اس سلسلے میں اسلام آباد کے سیکٹر ایف-6 میں عوام کی سہولت کے لیے وزارتِ داخلہ کے پہلے جدید ترین ‘خدمت مرکز’ کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔
پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وزارتِ داخلہ اور ذیلی اداروں کی تمام سہولتیں ایک چھت تلے فراہم کرنے کا فیصلہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وزارتِ داخلہ اور اس کے تمام ذیلی اداروں کی مکمل سہولتیں شہریوں کو ایک ہی چھت تلے میسر ہوں گی۔ اس سلسلے میں اسلام آباد کے سیکٹر ایف-6 میں عوام کی سہولت کے لیے وزارتِ داخلہ کے پہلے جدید ترین ‘خدمت مرکز’ کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سیکٹر ایف-6 میں زیرِ تعمیر خدمت مرکز کا موقع پر دورہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے وفاقی وزیر کو منصوبے کے خدوخال اور پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو قلیل ترین مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ اسے جلد از جلد عوام کے لیے فعال بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس قدر جلد ہو سکے، اس خدمت مرکز کو فعال کیا جائے۔اس جدید خدمت مرکز میں شہریوں کو لائسنسز، این او سیز، ویزا، قومی شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور وزارتِ داخلہ کے زیرِ انتظام تمام تر عوامی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ عمارت میں جدید ترین پبلک ڈیلنگ ہال، تمام متعلقہ سروسز کے کاؤنٹرز اور ایک کشادہ ویٹنگ ایریا بھی قائم کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس خدمت مرکز کے قیام کا بنیادی مقصد شہریوں کو ایک ہی جگہ پر تیز تر، آسان اور باوقار انداز میں سرکاری خدمات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جدید، مربوط اور عوام دوست سروس ڈلیوری موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ ایف-6 کا یہ خدمت مرکز ایک ماڈل پروجیکٹ ہے، اور اس کی کامیابی کے بعد عوام کی سہولت کے لیے ملک کے دیگر شہروں میں بھی اسی طرز کے خدمت مراکز قائم کیے جائیں گے۔







