اسلام آباد پولیس کا وفاقی دارالحکومت میں تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کیلئے کوآرڈینیشن میٹنگ کا انعقاد

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کیلئے کوآرڈینیشن میٹنگ کا انعقاد کیا۔میٹنگ میں اسلام آباد پولیس اور اے این ایف کا تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ رکھنے کیلئے جامع حکمت عملی ،اس کے نقصانات کے حوالے سے آگاہی سیمینارز منعقد کرانے اور نشہ اب نہیں مہم کو مزیدتیز کرنے پر …

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کیلئے کوآرڈینیشن میٹنگ کا انعقاد کیا۔میٹنگ میں اسلام آباد پولیس اور اے این ایف کا تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ رکھنے کیلئے جامع حکمت عملی ،اس کے نقصانات کے حوالے سے آگاہی سیمینارز منعقد کرانے اور نشہ اب نہیں مہم کو مزیدتیز کرنے پر تبالہ خیال کیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کے خصوصی احکاما ت کی روشنی میں اسلام آباد پولیس کا وفاقی دارالحکومت میں تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کیلئے بلاتفریق کریک ڈائون کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں اسلام آباد پولیس نے سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں تعلیمی اداروں سے منشیات کے مکمل خاتمے کیلئے آرڈینیشن میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں اسلام آبا دپولیس اورانسداد منشیات فورس کے سینئر افسران سمیت متعددتعلیمی اداروں اور یونیورسٹیز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

میٹنگ میں اسلام آباد پولیس اور انسداد منشیات فورس نے تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ رکھنے کیلئے جامعہ حکمت عملی بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس مکروہ کاروبار میں ملوث تمام عناصر کے سدباب کو یقینی بنایا جاسکے، اس کے ساتھ نوجوان نسل میں اس ناسوار کے نقصانات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کیلئے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر خصوصی آگاہی سیمینارز منعقد کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

تمام فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی حفاظت کیلئے تمام تر موجودہ وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا اور کسی بھی مرحلے کے دوران نرمی اور کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ اس منشیات کے نیٹ ورکس کو نہ صرف توڑا جائے گا بلکہ اس میں ملوث تمام عناصر کو منظر عام پرلانے سمیت ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لاکر کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔

سید علی ناصررضوی نے کہا کہ پاکستان میں سرکاری سطح پر اسلام آبا دپولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے منشیات کے خلاف فعال ہیں جبکہ اسلام آباد پولیس کی نشہ اب نہیں مہم بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کا مقصد معاشرے سے منشیات کا خاتمہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام تعلیمی ادارے زیر تعلیم طلباءکو اس ناسورسے محفوظ بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

انہوں نے تعلیمی اداروں کے سربراہان سے گزارش کی کہ وہ منشیات سے نوجوان طلباءکو محفوظ بنانے اور اس کے خطرات سے آگاہ کرنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر آگاہی مہمات کا انعقاد کریں تاکہ نوجوانوں نسل میں اس کے خطرات کے متعلق شعور پیدا کیا جاسکے۔انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ اسلام آباد پولیس منشیات کے خاتمہ کےلئے منشیات فروشوں کے نیٹ ورکس کو نہ صرف توڑے گی بلکہ کسی بھی شرپسند عناصر کو نوجوان نسل کی زندگیوں کو تباہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی جبکہ اس گھنائونے اور مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔