اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی قیادت نے بیرون ملک چیمبرز آف کامرس بالخصوص آسیان ممالک اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ گہرے ادارہ جاتی روابط استوار کرنے کے لیے چیمبر کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پیر کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں قیادت نے کہا کہ خطوں میں پاکستان کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری …
اسلام آباد چیمبر کی قیادت کا بیرون ملک چیمبرز آف کامرس کے ساتھ گہرے ادارہ جاتی روابط استوار کرنے کیلئے مضبوط عزم کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی قیادت نے بیرون ملک چیمبرز آف کامرس بالخصوص آسیان ممالک اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ گہرے ادارہ جاتی روابط استوار کرنے کے لیے چیمبر کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پیر کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں قیادت نے کہا کہ خطوں میں پاکستان کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجودہیں اور اس طرح کی شراکت داری کو مضبوط کرنا منڈیوں کو متنوع بنانے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ملکی برآمدات کو بڑھانے کے لیے بہت ضروری ہے۔
آئی سی سی آئی کے رہنمائوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ آسیان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشتیں اور وسطی ایشیا میں ابھرتے ہوئے مواقع پاکستان کو زراعت، ٹیکسٹائل، آئی ٹی، فارماسیوٹیکل، معدنیات اور انجینئرنگ کے سامان جیسے زیادہ مانگ والے شعبوں میں اپنی موجودگی کو بڑھانے کا ایک غیر معمولی موقع فراہم کرتے ہیں۔
صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ عالمی رابطہ کاری معاشی مسابقت کا کلیدی محرک ہے اور آئی سی سی آئی تجارتی وفود، تحقیقی تعاون اور بیرون ملک چیمبرز کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ شراکتیں پاکستانی تاجروں کو نئے مواقع تلاش کرنے میں مدد کریں گی۔سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی نے تعاون کی نئی راہیں کھولنے کے لیے پہلے ہی غیر ملکی مشنز اور تجارتی اداروں تک رسائی کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سرمایہ کاری کے بہائو کو کھولنے، مارکیٹ انٹیلی جنس کو بہتر بنانے اور پاکستان کو ایک قابل اعتماد کاروباری منزل کے طور پر فروغ دینے کے لیے چیمبر ٹو چیمبر مضبوط شراکت داری ضروری ہے۔
نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے کہا کہ آسیان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے چیمبرز کے ساتھ بڑھتا ہوا تعاون ایسے وقت میں برآمدات کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے جب پاکستان کو فوری طور پر اپنی بیرونی تجارتی بنیاد کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے نئی علاقائی منڈیوں تک رسائی میں برآمد کنندگان، ایس ایم ایز اور سٹارٹ اپس کو سپورٹ کرنے والے اقدامات کو جاری رکھنے کے چیمبر کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔








