اسلام آباد ہائیکورٹ ، پمز میں نومولود بچوں کی اموات کے واقعہ پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے خلاف کی گئی کارروائی سے متعلق رپورٹ طلب ،سماعت ملتوی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پمز میں نومولود بچوں کی اموات کے واقعہ پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کے خلاف ذمہ داری کے تعین اور ان کے خلاف کی گئی کارروائی سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ نے پمز میں نومولود بچوں کی اموات کے واقعہ پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کے خلاف ذمہ داری کے تعین اور ان کے خلاف کی گئی کارروائی سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پمز میں بچوں کی اموات کا واقعہ انتہائی خوفناک تھا، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کو عہدے سے ہٹانے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کو عہدے سے ہٹانے کے ساتھ ان کی سروسز بھی واپس کی جائیں۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کیسے یہ ہدایت دے سکتی ہے کہ کسی افسر کو عہدے سے ہٹا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ انہیں عہدے سے تو ہٹایا گیا ہے لیکن ان پر ذمہ داری عائد نہیں کی گئی جبکہ انکوائری رپورٹ میں بھی انہیں ذمہ دار قرار نہیں دیا گیا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے عدالت کو بتایا کہ پیش کی گئی رپورٹ عارضی تھی، مکمل انکوائری رپورٹ پانچ روز میں جمع کرا دی جائے گی۔عدالت نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کے حوالے سے ذمہ داری کے تعین اور کارروائی سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

مزید خبریں