اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کوخراج تحسین

اسلام آباد ۔ 5 اپریل (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ملک و قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے ساتھ مامور ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف …

اسلام آباد ۔ 5 اپریل (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ملک و قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے ساتھ مامور ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان بھر میں کورونا کے مریضوں کے ساتھ مامور ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں عالمی وبائ کورونا وائرس سے شہید ہونے والے ڈاکٹرز کا نام ہمیشہ زندہ رہے گا۔ ڈاکٹر اسامہ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کی جان بچاتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔ قوم ڈاکٹر اسامہ کی اس لازوال قربانی کو کھبی فراموش نہیں کرے گی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹرز بھی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جو اس وقت دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا کے مریضوں کی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔حکومت ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے عملے کے لیے حفاظتی کٹس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔پوری قوم کی دعائیں اپنے میڈیکل سے وابستہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے ساتھ ہیں۔کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے تمام ادراوں اور سیاسی جماعتوں کو یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔عالمی وباء سے نمٹے کے لیے ہمیں مضبوط اعصاب اور قوت ارادی سے کام لینا ہو گا۔ احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم اس وباء سے خود اور دوسروں کو بچا سکتے ہیں۔ اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس سے متاثر ہو چکی ہے قومی یکجہتی کے ذریعے ہی اس پر قابو پایا جا سکتا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ گھر پر رہیں، باہر سماجی فاصلہ اختیار کریں اور محکمہ صحت کی طرف سے جاری کی گی ہدایات پر عمل پیرا ہو کر اپنے آپ اور اپنے پیاروں کو محفوظ بنائیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی جلد سے جلد اس وباء سے ہمیں نجات دلائے۔

مزید خبریں