اسپیکر قومی اسمبلی کی خصوصی دعوت پر بیلجیئم کا پارلیمانی وفد کل سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے گا

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی خصوصی دعوت پر بیلجیئم کا پارلیمانی وفد کل پیر سے 21 جنوری 2023 تک پاکستان بیلجیم پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی چیئرپرسن ایلیسیا کلیس کی قیادت میں پاکستان کا سرکاری دورہ کر رہا ہے۔

یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور پارلیمانی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے،اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے مابین تجارت اور کاروبار میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔بیلجیم کے پارلیمانی وفد میں بیلجیئم پاکستان فرینڈ شپ گروپ کی چیئرپرسن محترمہ ایلیسیا کلیس کے علاوہ کارل وینلوور، اسٹیٹ سینیٹر فلپ کورارڈ، پی ایس، اسٹیٹ سینیٹر، جارجز ڈیلمیگن، لیس انگیجز کے علاؤہ بیلجیئم چیمبر آف ریپریزنٹیٹوز کے رکن اور بیلجیئم پارلیمنٹ کے سینئر افسران بھی وفد میں شامل ہیں۔

بیلجیئم کا پارلیمانی وفد اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے علاوہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے ممبران، پارلیمانی ویمن کاکس کی ممبران، قومی اسمبلی میں پائیدار ترقی کے اہداف ایس ڈی جیز کی کنوینر رومینہ خورشید عالم سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔

علاوہ ازیں پارلیمانی وفد لاہور میں گورنر پنجاب سے ملاقات کرے گا جس کے بعد وفد لاہور کے مشہور مقامات اور بادشاہی مسجد میں ٹیکسپاک (بیلجیم کمپنی) کا بھی دورہ کرے گا۔بعد ازاں بیلجیم کا پارلیمانی وفد کراچی جائے گا جہاں وہ وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کرے گا۔پارلیمانی وفد (ایم اے ایل سی) کراچی کے جذام مرکز کا بھی دورہ کرے گااور سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثر ہونے والے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بھی جائے گا۔