یونیورسٹی آف سرگودھا کی جانب سے ریسرچ پروڈکٹیویٹی ایوارڈز 2025 کی تقریب

یونیورسٹی آف سرگودھا کی جانب سے آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے زیر اہتمام ملک فیروز خان نون بزنس سکول میں ریسرچ پروڈکٹیویٹی ایوارڈز 2025 کی تقریب منعقد ہوئی۔

سرگودھا۔ 08 جون (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا کی جانب سے آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے زیر اہتمام ملک فیروز خان نون بزنس سکول میں ریسرچ پروڈکٹیویٹی ایوارڈز 2025 کی تقریب منعقد ہوئی۔

پیر کو منعقدہ تقریب میں اعلیٰ معیار کی تحقیق میں نمایاں خدمات انجام دینے والے 230 اساتذہ و محققین میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کے ایوارڈز اور انعامی چیکس تقسیم کیے گئے۔تقریب میں اخوت فاؤنڈیشن کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب تقریب کے مہمانِ خصوصی جبکہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس مہمانِ اعزاز تھے۔ سابق وفاقی سیکرٹری اور سماجی شخصیت محمد سلیم احمد رانجھا، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال، ڈینز، ڈائریکٹرز، چیئرپرسنز اور محققین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے یونیورسٹی کی تحقیقی کارکردگی کو دیگر جامعات کے لیے قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحقیق کا مقصد صرف علمی مباحث تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے معاشرے کو درپیش مسائل کے حل، کاروباری جدت، ویلیو ایڈیشن اور سماجی ترقی سے جوڑنا ضروری ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے ایوارڈ حاصل کرنے والے اساتذہ کو مبارک باد دیتے ہوئےکہاکہ مضبوط تحقیقی کلچر ہی علمی برتری، عالمی مسابقت اور ادارہ جاتی ترقی کی بنیاد بنتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نے رواں سال تقریباً 1400 ہائی امپیکٹ تحقیقی مقالے شائع کیے، 81 انٹیلیک چوئل پراپرٹی رائٹس جمع کرائے جو ملک کی کسی بھی سرکاری یا نجی جامعہ کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں، 600 سے زائد صنعتی روابط اور معاہدے قائم کیے جبکہ مختلف وزارتوں کو 160 سے زائد ایڈو ائزری اور پالیسی بریفز بھی ارسال کیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران یونیورسٹی میں 500 سےزائد تحقیقی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔اس سے قبل ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے یونیورسٹی کی تحقیقی اور اختراعی کامیابیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ریسرچ پروڈکٹیویٹی رینکنگ میں یونیورسٹی آف سرگودھا پنجاب کی جنرل پبلک سیکٹر جامعات میں پہلی پوزیشن حاصل کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی ریسرچ پروڈکٹیویٹی ایویلیو ایشن 2025ء میں یونیورسٹی نے 70.05 سکور کے ساتھ ایکس کیٹیگری حاصل کی، قومی سطح پر نویں، پنجاب میں تیسری جبکہ صوبے کی جنرل پبلک سیکٹر جامعات میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر محمد امجد ثاقب اور پروفیسرڈاکٹرقیصر عباس نےنمایاں کارکرد گی کا مظاہرہ کرنے والے 230 اساتذہ و محققین میں ریسرچ پروڈکٹیویٹی ایوارڈز اور انعامی چیکس تقسیم کیے۔

مزید خبریں