اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ اسکاؤٹنگ کا عالمی دن نوجوانوں کی کردار سازی، سماجی ذمہ داری کے احساس اور عملی خدمت کے جذبے کو اجاگر کرنے کی ایک اہم علامت ہے، اسکاؤٹنگ کا مقصد نوجوانوں کو دیانتداری، خود انحصاری اور اجتماعی فلاح کے اصولوں سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ معاشرے کے مفید اور باصلاحیت افراد کے طور پر اپنا کردار ادا …
اسکاؤٹنگ کا عالمی دن نوجوانوں کی کردار سازی کی علامت ہے، سیدال خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ اسکاؤٹنگ کا عالمی دن نوجوانوں کی کردار سازی، سماجی ذمہ داری کے احساس اور عملی خدمت کے جذبے کو اجاگر کرنے کی ایک اہم علامت ہے، اسکاؤٹنگ کا مقصد نوجوانوں کو دیانتداری، خود انحصاری اور اجتماعی فلاح کے اصولوں سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ معاشرے کے مفید اور باصلاحیت افراد کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکیں۔اتوار کوعالمی یومِ اسکاؤٹس کے موقع پراپنے پیغام میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اسکاؤٹنگ اس حوالے سے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکاؤٹس مشکل حالات اور ہنگامی صورتحال میں خدمات انجام دے کر انسان دوستی اور ایثار کی اعلیٰ مثالیں قائم کرتے ہیں، جو معاشرے کے لیے قابلِ تقلید ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسکاؤٹنگ کے اصولوں کے فروغ سے معاشرے میں نظم و ضبط، برداشت اور باہمی احترام کو تقویت ملتی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے ایسے تعمیری اقدامات کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔








