افغانستان، صوبہ ہرات میں 7 اکتوبر کو آنے والے زلزلے سے اموات 3 ہزار کے قریب پہنچ گئیں

افغانستان ، صوبہ ہرات میں 7 اکتوبر کو آنے والے زلزلے سے اموات 3 ہزار کے قریب پہنچ گئیں

کابل۔10اکتوبر (اے پی پی): افغانستان کے صوبہ ہرات میں 7 اکتوبر کو آنے والے 6.3 شدت کے زلزلے سے اموات 3 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہیں، زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں کئی آفٹر شاک ریکارڈ کئے گئے ہیں اور بچ جانے والے افراد اپنے گھروں کے ملبے کے درمیان راتین گزارنے پر مجبور ہیں۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وسائل کی کمی کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے اور جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔قبل ازیں افغان حکام کی طرف سے زلزلے سے اموات کی تعداد 2445 بتائی گئی تھی تاہم امدادی کارکنوں کے مطابق اس کے بعد انہیں مزید 350 لاشیں ملی ہیں ۔

ہرات کے ہسپتال میں تعینات ایک ڈاکٹر کے مطابق ہر منٹ میں لاشوں سے بھری گاڑیاں یہاں پہنچ رہی ہیں ۔ ہسپتال کے مردہ خانے میں لاشیں رکھنے کی کوئی جگہ نہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے ۔افغان حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

وزارت دفاع کے دستے علاقے میں پہنچ چکے ہیں اور مقامی باشندے اس آپریشن میں بھر پورمدد کر رہے ہیں۔ بہت سے لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں ۔کم از کم 20 دیہات مکمل طور پر تباہ ہو ئے ہیں اور یہاں لوگ اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں ۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی طرف سے ڈاکٹر، دیگر طبی عملہ اور چار ایمبولینسیں مقامی ہسپتال کی طرف روانہ کی گئی ہیں۔

میڈیسنز سانز فرنٹیئرز نامی این جی او نے ہرات کے مقامی ہسپتال میں پانچ میڈیکل کیمپ لگائے ہیں۔طالبان عہدیدار کے مطابق زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں بچ جانے والوں کو خوراک ، کپڑوں اور رہائش کی ضرورت ہے، وہ پہلے ہی بہت غریب لوگ تھے اور اب ان کے پاس کچھ نہیں رہا ۔عہدیدار کے مطابق زلزلے سے کافی تعداد میں مویشی بھی مرگئے ہیں تاہم ان کی تعداد بارے فوری طور پر معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔

ایک متاثرہ گائوں کوشکک سے تعلق رکھنے والے محمد جواد نے بتایا کہ زلزلے کے باعث گھروں کی دیواریں محض دو سیکنڈ میں گر گئیں اور پورا گاؤں کھنڈر بن گیا، اندازہ ہے کہ گاؤں کے ایک ہزار مکینوں میں سے صرف ایک چوتھائی ہی زندہ بچے ہیں۔رپورٹ کے مطابق زلزلہ سے متاثرہ صوبہ ہرات ایک سال سے خشک سالی کا شکار ہے۔

افغانستان کے وزیر برائے اقتصادی امور ملا عبد الغنی برادر اخوند نے ہرات میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے اور وہاں جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ دریں اثنا ترک حکا م نے بھی زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ ایران نے افغانستان میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لئے معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔