اقوام متحدہ ۔13نومبر (اے پی پی):افریقی یونین (اے یو) اور اقوام متحدہ (یو این) نے نیویارک میں منعقدہ اپنی نویں سالانہ کانفرنس میں امن، سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق سے متعلق مشترکہ کارروائی اور تعاون کے فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا۔شنہوا کے مطابق یہ اعلیٰ سطحی اجلاس اے یو کمیشن کے چیئرمین محمود علی یوسف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش کی مشترکہ صدارت میں ہوا۔ اجلاس …
اقوام متحدہ اور افریقی یونین کا امن، سلامتی اور ترقی پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔13نومبر (اے پی پی):افریقی یونین (اے یو) اور اقوام متحدہ (یو این) نے نیویارک میں منعقدہ اپنی نویں سالانہ کانفرنس میں امن، سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق سے متعلق مشترکہ کارروائی اور تعاون کے فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا۔شنہوا کے مطابق یہ اعلیٰ سطحی اجلاس اے یو کمیشن کے چیئرمین محمود علی یوسف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش کی مشترکہ صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں ترقی کے لیے مالی معاونت، ماحولیاتی اقدامات اور خواتین، امن و سلامتی سے متعلق افریقی حکمتِ عملی کے نفاذ جیسے موضوعات پر بھی گفتگو کی گئی۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ دنیا بھر میں پھیلی بدامنی، بڑھتی ناہمواریوں، ماحولیاتی بحران اور تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کے دور میں ہماری تنظیموں کے درمیان تعاون پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور ضروری ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے اثرات افریقہ میں سب سے زیادہ محسوس کیے جا رہے ہیں اور تین شعبے ایسے ہیں جن پر فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی ضرورت ہے جن میں افریقہ کو عالمی ترجیح بنانا،ترقی اور اختراع کے لیے مالی معاونت میں اضافہ،اور امن میں سرمایہ کاری شامل ہے۔ انہوں نے عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسے "زیادہ جامع، نمائندہ، منصفانہ اور مؤثر” بنایا جانا چاہیے تاکہ یہ موجودہ دنیا کی حقیقی صورتِ حال کو بہتر طور پر ظاہر کرے، خاص طور پر ترقی پذیر ممالک، بشمول افریقہ کی ضروریات پوری کرے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے پائیدار ترقی اور امن کو ایک دوسرے کا لازمی جزو قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں افریقی یونین کے اقدام”سائلسنگ سی گنز”کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہوں، کیونکہ آج بھی افریقہ کے کئی خطے بشمول سوڈان، ساحل، مالی، جنوبی سوڈان، صومالیہ اور کانگو جمہوریہ تنازعات اور انسانی تکالیف سے دوچار ہیں۔اپنے خطاب میں محمود علی یوسف نے کہا کہ اے یو-یو این سالانہ کانفرنس دونوں اداروں کے درمیان "اسٹریٹجک مشاورت اور ہم آہنگی کا مؤثر پلیٹ فارم” ہے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں اداروں نے اپنی ترقیاتی حکمتِ عملیوں ایجنڈا 2063 (افریقی یونین) اور ایجنڈا 2030 (اقوام متحدہ)کو ہم آہنگ کر لیا ہے اور امن کے نمایاں پروگراموں پر قریبی تعاون جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ دونوں تنظیموں نے گزشتہ برس "پیکٹ آف دی فیوچر” کی منظوری کے لیے مشترکہ کوششیں کیں، اور اب وہ ماحولیاتی انصاف اور توانائی کے پائیدار ذرائع کی تبدیلی کے لیے سرگرم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ افریقی یونین اقوام متحدہ کے تمام فریقین اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر سلامتی کونسل کی شفاف، منصفانہ اور جامع اصلاحات کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مالی مشکلات کے باوجود زور دیا کہ امن مشنوں، دہشت گردی کے خلاف جنگ، اور تنازعات کی روک تھام و حل کے لیے مسلسل تعاون جاری رہنا ضروری ہے۔واضح ر ہے کہ پہلی اے یو-یو این سالانہ کانفرنس اپریل 2017 میں نیویارک میں منعقد ہوئی تھی، جس میں دونوں اداروں نے امن و سلامتی کے میدان میں بہتر شراکت داری کے لیے مشترکہ فریم ورک پر دستخط کئے تھے۔








