اقوام متحدہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں مودی حکومت کے غیر انسانی اقدامات کے خلاف کارروائی کرے، مشعال ملک

ملکی مجموعی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، مشعال ملک

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):پیس اینڈ کلچر آرگنائزیش کی چیئرپرسن اور غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے غیر انسانی اقدامات کے خلاف فوری کارروائی کرے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشعال ملک نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت انتہا پسند ہندوتوا نظریے کا پرچار کررہی ہے جو علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور کشمیر کی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے عصمت دری کو ایک جنگی ہتھیار کے طورپراستعمال کر رہی ہے۔

کشمیر میں انسانی بحران ہے اور اقوام متحدہ کو آگے آنا چاہیے اور بھارت پر دبا ڈالنا چاہیے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں مظالم بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر دنیا کی مجرمانہ خاموشی علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

مشعال ملک نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ جیلوں میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور کشمیری سیاسی قیدیوں کی حالت زار کے بارے میں حقائق معلوم کرانے کے لیے بھارت اورمقبوضہ جموںو کشمیرمیں اپنی ٹیمیں بھیجیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کوغیر قانونی طور پر نظر بندتمام کشمیری سیاسی قیدیوں کی جلد رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے استعمال سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے میں کامیاب نہیں ہو گا۔

مشعال ملک نے افسوس کا اظہار کیاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال حالیہ تاریخ کی بدترین صورتحال ہے جہاں لوگ زندہ رہنے ، خوراک ، صحت ، اظہار رائے کی آزادی اور اجتماع کے حق سمیت اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری آخری سانس تک حق خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گزشتہ سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق دینے سے انکار کر رہا ہے۔