اقوام متحدہ میں سعودی عرب کی فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل حملوں کی شدید مذمت

اقوام متحدہ ۔27مارچ (اے پی پی):سعودی عرب نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ العربیہ کے مطابق جنیوا میں اقوام متحدہ اور بین الاقوامی تنظیموں میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے عبدالمحسن بن خثیلہ نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی جانب سے مسلسل حملوں اور خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ عام شہریوں کو منظم طریقے سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ …

اقوام متحدہ ۔27مارچ (اے پی پی):سعودی عرب نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ العربیہ کے مطابق جنیوا میں اقوام متحدہ اور بین الاقوامی تنظیموں میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے عبدالمحسن بن خثیلہ نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی جانب سے مسلسل حملوں اور خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ عام شہریوں کو منظم طریقے سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔

عبدالمحسن بن خثیلہ نے انسانی حقوق کونسل کے سامنے اپنی تقریر میں فلسطین اور دیگر مقبوضہ عرب علاقوں میں انسانی حقوق کی صورتحال اور سعودی عرب کی جانب سے اسرائیلی قبضے کو مسترد کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے غزہ کی پٹی سے فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کے لیے اسرائیلی ایجنسی کے قیام اور مغربی کنارے میں 13 غیر قانونی بستیوں کی آباد کاری کو بین الاقوامی قانون اور انسانی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔

عبد المحسن نے شامی علاقوں پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے شام اور پورے خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان خلاف ورزیوں کو ختم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔

فلسطین ہو یا شام اسرائیل کی تمام فوجی کارروائیوں کو روکا جائے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ جب تک فلسطینی عوام اپنے جائز حقوق حاصل نہیں کر لیتے اس وقت تک امن قائم نہیں ہو گا، خاص طور پر 1967 کی سرحدوں پر فلسطینیوں کی ایسی آزاد ریاست کا قیام جس کا دارالحکومت مشرقی القدس ہو ہی امن کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے شام کی حکومت اور عوام کے ساتھ مملکت کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے شام کی خودمختاری کا احترام کرنے اور اس کی سلامتی اور استحکام کو متاثر کرنے والی تمام خلاف ورزیوں کو روکنے پر زور دیا۔