اقوام متحدہ کی موسمِ سرما کے پیشِ نظر غزہ کے لیے امدادی رقوم کی فراہمی تیز

اقوام متحدہ ۔19نومبر (اے پی پی):اقوامِ متحدہ کے انسانی ہمدردی کے نمائندوں نے منگل کے روز بتایا کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور قریب آتے موسمِ سرما کے پیشِ نظر غزہ کے لیے امدادی رقوم کی فراہمی کو تیز کر دیا گیا ہے۔شنہوا کے مطابق اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے رابطۂ انسانی امور (اوسی ایچ اے ) کے مطابق فلسطینی علاقوں کے لیے اقوامِ متحدہ کے انسانی ریسپانس کوآرڈینیٹر رامِز الأکبروف …

اقوام متحدہ ۔19نومبر (اے پی پی):اقوامِ متحدہ کے انسانی ہمدردی کے نمائندوں نے منگل کے روز بتایا کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور قریب آتے موسمِ سرما کے پیشِ نظر غزہ کے لیے امدادی رقوم کی فراہمی کو تیز کر دیا گیا ہے۔شنہوا کے مطابق اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے رابطۂ انسانی امور (اوسی ایچ اے ) کے مطابق فلسطینی علاقوں کے لیے اقوامِ متحدہ کے انسانی ریسپانس کوآرڈینیٹر رامِز الأکبروف نے غزہ بھر میں اہم ریلیف سرگرمیوں کی مدد کے لیے 1.8 کروڑ ڈالر جاری کیے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور اور ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر ٹام فلیچر نے سوڈان کے دورے کے دوران کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد غزہ بھر میں فلسطینی شدید سردی اور بارش سے متاثر ہیں، جبکہ سیلابی پانی میں اضافے اور معمولی جمع پونجی کے نقصان سے عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اقوامِ متحدہ اور اس کے شراکت دار مدد کے لیے متحرک ہیں، تاہم مزید امداد کی سخت ضرورت ہے اور غزہ میں باقی ماندہ رسائی کی پابندیوں کا خاتمہ ناگزیر ہے تاکہ ہنگامی امداد بروقت پہنچ سکے۔

اوسی ایچ اے کے مطابق اقوامِ متحدہ اور امدادی ادارے جان بچانے والی سہولیات، جن میں پناہ گاہیں شامل ہیں، فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس وقت خیمے، ترپالیں اور دیگر ضروری سامان متاثرہ خاندانوں تک پہنچایا جا رہا ہے جبکہ ضرورت کے مزید جائزے بھی جاری ہیں۔الأکبروف کی جانب سے جاری کیے گئے فنڈز کے ذریعے 30 سے زائد منصوبوں پر پیش رفت تیز ہو گی جن میں خوراک، غذائیت، پانی، صحت، پناہ گاہ، تحفظ اور دیگر بنیادی امدادی خدمات شامل ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ گزشتہ اتوار تک غزہ میں فعال 219 صحت مراکز کام کر رہے ہیں، جن کی تعداد اکتوبر میں 200 سے بھی کم تھی۔ حالیہ اضافہ 22 نئے مراکز پر مشتمل ہے جن میں 12 ابتدائی طبی مراکز، 6 میڈیکل پوائنٹس اور 4 اسپتال شامل ہیں۔اوسی ایچ اے کے مطابق 9 نومبر سے شروع ہونے والی ویکسینیشن مہم کے پہلے پانچ روز میں 7,000 سے زائد تین سال سے کم عمر بچوں کی ویکسینیشن کی گئی۔

اشیائے خورونوش فراہم کرنے والے شراکت داروں نے بتایا کہ ہفتے کے روز دو درجن سے زائد اداروں نے 195 کچنوں کے ذریعے 13 لاکھ سے زیادہ کھانے تقسیم کیے۔