اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسدد منشیات و جرائم کی’’گیم چینجرز‘‘مہم، دنیا بھر کے نوجوانوں سے تشدد اور جرائم کے موضوع پر تخلیقی مواد طلب کرلئے

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسدد منشیات و جرائم کی’’گیم چینجرز‘‘مہم، دنیا بھر کے نوجوانوں سے تشدد اور جرائم کے موضوع پر تخلیقی مواد طلب کرلئے

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی)نے اپنے ’’گیم چینجرز‘‘ مہم کے تحت دنیا بھر کے نوجوانوں سے تشدد اور جرائم کے موضوع پر تخلیق مواد طلب کرنے کا اعلان کیا ہے۔یو این او ڈی سی کے مطابق ’’نوجوانوں کی نظر سے تشدد اور جرائم کو سمجھنا‘‘کے عنوان سے جاری اس مہم میں دنیا کے تمام خطوں سے 18 سے 29 سال عمر کے نوجوان حصہ لے سکتے ہیں۔ اس کا مقصد نوجوانوں کو اپنی آراء، تجربات اور خیالات تخلیقی انداز میں پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔اس مہم میں خاص طور پر ایسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے جو کسی مرحلے پر قانون سے متصادم رہے ہوں یا تشدد اور جرائم سے متاثر ہوئے ہوں اور اپنے تجربات دوسروں تک پہنچانا چاہتے ہوں۔

اسی طرح وہ نوجوان بھی شرکت کر سکتے ہیں جنہوں نے اپنی برادریوں میں نوجوانوں سے متعلق تشدد یا جرائم کا مشاہدہ کیا ہو یا اس کے اثرات کا سامنا کیا ہو۔ادارے کے مطابق نوجوانوں میں تشدد اور جرائم دنیا بھر میں مختلف صورتوں، جیسے کم عمری میں جرائم، گینگ سرگرمیوں اورمنظم جرائم پیشہ گروہوں میں بھرتی کی شکل میں سامنے آتے ہیں۔ ان مسائل کی مؤثر روک تھام کے لیے ان کی بنیادی وجوہات کو سمجھنا، حفاظتی عوامل کومضبوط بنانا اور بحالی و معاشرتی انضمام کی حمایت ضروری ہے۔یو این او ڈی سی کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد نوجوانوں کے تجربات اور نقطۂ نظر کو سامنے لا کر تشدد اور جرائم کی بہتر تفہیم پیدا کرنا اور مؤثر انسدادی حکمت عملیوں کی تشکیل میں ان کی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔

شرکاءشاعری، مختصر کہانی، خاکہ، ڈرائنگ، مصوری، فوٹوگرافی، آڈیو، ویڈیو، مکسڈ میڈیا سمیت مختلف اقسام کی تخلیقی کاوشیں جمع کرا سکتے ہیں۔منتخب تخلیقات کو دنیا بھر کے نوجوانوں کے فن پاروں پر مشتمل ایک ڈیجیٹل یوتھ زین میں شامل کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں انہیں اقوام متحدہ کے ٹرانس نیشنل آرگنائزڈ کرائم کنونشن کے فریقین کی کانفرنس کے موقع پر تشدد اور جرائم سے متعلق نوجوانوں کی آرٹ نمائش میں بھی پیش کیا جائے گا، جو 19 سے 23 اکتوبر 2026 تک آسٹریا کے شہر ویانا میں منعقد ہوگی۔

ادارے کے مطابق اس مہم کا مقصد تشدد اور جرائم کی روک تھام کے لیے زیادہ جامع اور نوجوانوں پر مرکوز حکمت عملیوں کی وکالت کرنا ہے۔تخلیقات جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے۔مہم کے اعلان کے مطابق اس اقدام کی مالی معاونت عوامی جمہوریہ چین کی وزارتِ انصاف کر رہی ہے۔