ڈیرہ غازی خان پولیس کی کارروائیاں، پانچ گینگز کے 14 ارکان گرفتار ، 72 لاکھ 80 ہزار روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد، 2 ڈاکو ہلاکر ایک زخمی حالت میں گرفتار

ڈیرہ غازی خان پولیس کی کارروائیاں، پانچ گینگز کے 14 ارکان گرفتار ، 72 لاکھ 80 ہزار روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد، 2 ڈاکو ہلاکر ایک زخمی حالت میں گرفتار

ڈیرہ غازی خان ۔ 05 جولائی (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں 5 گینگز کے 14 ارکان کو گرفتار کر کے 72 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کر دیا جبکہ 3 پولیس مقابلوں میں 2 ڈاکو ہلاک اور ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا اس سلسلہ میں ڈیرہ غازی خان پولیس نے ماہ جون 2026 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں 5 گینگز کے 14 ارکان کو گرفتار کر کے 72 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد مالیت کی ریکوری کی گئی جو اصل مالکان کے حوالے کی گئی، جبکہ 3 پولیس مقابلوں میں 2 ڈاکو ہلاک اور ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔اس حوالے سےڈی پی او ڈیرہ غازی خان صادق بلوچ نے بتایا کہ ماہ جون کے دوران پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 گینگز کے 14 ملزمان کو گرفتار کیا۔ کارروائیوں کے دوران 9 موٹر سائیکلیں، ایک کار، 2 تولہ طلائی زیورات، موبائل فونز اور مویشی برآمد کر کے مجموعی طور پر 72 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد مالیت کا سامان اصل مالکان کے حوالے کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں ہونے والے 3 پولیس مقابلوں کے دوران 2 خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

ڈی پی او نے بتایا کہ مؤثر پولیس حکمت عملی کے باعث نہ صرف جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی بلکہ ریکارڈ مالیت کی ریکوری بھی ممکن بنائی گئی۔انہوں نے کہا کہ ماہ جون کے دوران پولیس نے سنگین مقدمات میں مطلوب 317 اشتہاری مجرمان اور 24 عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کیا۔اس کے علاوہ منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران 52 مقدمات درج کئے گئے، جن میں 72.172 کلو گرام چرس، 9.8 کلو گرام آئس اور 227 لیٹر شراب برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

اسی طرح ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائیوں میں 86 مقدمات درج کئے گئے، جن کے دوران 6 کلاشنکوف، 3 بندوقیں، 74 پسٹل اور 266 گولیاں برآمد کر کے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ڈی پی او ڈیرہ غازی خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن ’’ محفوظ پنجاب‘‘ کے تحت ضلع بھر میں جرائم پیشہ اور شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کرایہ داروں، مشکوک افراد، منشیات فروشوں، خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی میں ملوث عناصر، سودخوروں، چوروں، ڈاکوؤں اور قبضہ گروپوں سے متعلق معلومات پولیس کے ساتھ شیئر کریں تاکہ باہمی تعاون سے ضلع ڈیرہ غازی خان میں امن، قانون کی بالادستی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ مزید مؤثر بنایا جا سکے۔