اقوام متحدہ کے سربراہ کا امریکا اور ایران پر مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر زور

اقوام متحدہ کے سربراہ کا امریکا اور ایران پر مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر زور

اقوام متحدہ ۔29اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے امریکا اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ تنازع کے سفارتی حل کے لیے مذاکرات دوبارہ شروع کریں۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفان دوجارک نے جمعہ کو کہا کہ جاری تنازع کے چھ ماہ مکمل ہونا انتہائی افسوسناک ہے، اس مسئلے کا واحد حل سفارت کاری ہے، اس لیے امریکا اور ایران کو بامعنی مذاکرات میں دوبارہ شامل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ قطر، پاکستان، مصر، سعودی عرب اور کویت کی ثالثی کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور سیکرٹری جنرل ان ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ترجمان کے مطابق سیکرٹری جنرل کو تنازع کے تباہ کن انسانی اور معاشی اثرات پر شدید تشویش ہے، جن میں عالمی سطح پر خوراک اور انسانی امدادی سامان کی فراہمی متاثر ہونا، کھاد کی قلت اور توانائی کی قیمتوں میں اضافہ شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس تنازع کے لیے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی ژاں آرنو فریقین اور ثالثوں سے رابطے میں ہیں اور پائیدار حل کے حصول میں معاونت کے لیے دستیاب ہیں۔رپورٹ کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں شروع کی تھیں، جس کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور خلیج میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ اس دوران آبنائے ہرمز کی بندش سے عالمی سطح پر تیل اور دیگر اشیا کی ترسیل بھی شدید متاثر ہوئی۔