اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدواروں کے انتخاب کے لیے چوتھا غیر رسمی ووٹنگ مرحلہ مکمل

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے منگل کو آئندہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدواروں کے انتخاب کے لیے چوتھا غیر رسمی ووٹنگ مرحلہ (اسٹرا پول) مکمل کرلیا

اقوام متحدہ ۔30ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے منگل کو آئندہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدواروں کے انتخاب کے لیے چوتھا غیر رسمی ووٹنگ مرحلہ (اسٹرا پول) مکمل کرلیا۔شنہوا کے مطابق ستمبر کے لیے سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ میں فرانس کے سفیر جیروم بونافون نے صحافیوں کو بتایا کہ امیدواروں کے بارے میں چوتھے مرحلے کی رائے شماری مکمل ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر امیدوار کو نتائج سے متعلق اس کے نامزد کنندہ رکن ملک کے مستقل نمائندے کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا جبکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کو بھی ووٹنگ کے انعقاد سے مطلع کیا جائے گا۔سلامتی کونسل کا اسٹرا پول سیکرٹری جنرل کے امیدواروں کی اہلیت اور حمایت کا جائزہ لینے کے لیے بند کمرے میں ہونے والی غیر رسمی اور خفیہ رائے شماری ہے، جس کے نتائج سرکاری طور پر جاری نہیں کیے جاتے۔سابق چلی کی صدر مشیل بیچلیٹ کے رواں ماہ دستبردار ہونے کے بعد اقوام متحدہ کے اگلے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے 7 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں کوسٹاریکا کی سابق نائب صدر اور اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تجارت و ترقی کی موجودہ سیکرٹری جنرل ریبیکا گرینسپین، اقوام متحدہ میں گیانا کی مستقل مندوب کیرولین روڈریگز برکٹ، ایکواڈور کی سابق وزیر اور سفارتکار ایوون اے بکی، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سابق صدر اور ایکواڈور کی سابق وزیر خارجہ و دفاع ماریا فرنانڈا ایسپینوسا، ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے موجودہ ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی، یوگنڈا کے سابق اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل اولارا اوتوننو اور سینیگال کے سابق صدر مکی سال شامل ہیں۔موجودہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کی پانچ سالہ مدت رواں سال کے اختتام پر مکمل ہو جائے گی، جبکہ نئے سیکرٹری جنرل یکم جنوری 2027 کو منصب سنبھالیں گے۔