امریکا، پاکستانی سفارت خانے کا کرسمس تقریب کا اہتمام

واشنگٹن۔25دسمبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفارت خانے نے کرسمس کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا جس کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرنا تھا۔ واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب میں بڑی تعداد میں شرکاء نے شرکت کی۔تقریب کے دوران کرسمس کا کیک کاٹا گیا جبکہ مسیحی برادری …

واشنگٹن۔25دسمبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفارت خانے نے کرسمس کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا جس کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرنا تھا۔ واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب میں بڑی تعداد میں شرکاء نے شرکت کی۔تقریب کے دوران کرسمس کا کیک کاٹا گیا جبکہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے عملے کے ارکان کو ان کی خدمات کے اعتراف میں تحائف بھی پیش کیے گئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے مذہبی رواداری اور بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک کثیرالثقافتی، کثیرلسانی اور کثیرالنسلی معاشرہ ہے، جہاں صدیوں سے مختلف سماجی، ثقافتی اور مذہبی روایات پروان چڑھتی رہی ہیں۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ کرسمس صرف عیسائیوں کے لیے ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کے لیے خوشی کا موقع ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم مسلمان حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو خدا کے برگزیدہ پیغمبروں میں سے ایک مانتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادیں عالمی اتفاقِ رائے کی عکاس ہیں اور نفرت انگیزی کی حوصلہ شکنی کو انسانی حقوق کے عالمی فریم ورک کے تحت فروغ دیتی ہیں۔اپنے پیغام میں سفیر رضوان سعید شیخ نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ نیا سال 2026 دنیا بھر میں امن، ترقی اور خوشحالی لے کر آئے اور کرسمس کا پیغام نہ صرف آنے والے سال بلکہ آئندہ برسوں تک انسانیت کے دلوں میں زندہ رہے۔